نائب تحصیلدار بیروہ کے ہمراہ انتظامیہ کے افسران نے ضلع بڈگام کے بیروہ قصبہ میں مختلف بازاروں، گورنمنٹ و نجی اداروں کی اچانک چیکنگ عمل میں لائی۔
چیکنگ کے دوران راہگیروں، ڈرائیوروں، دکانداروں اور مختلف دفاتر میں کام کر رہے عملہ پر ماسک نہ پہننے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
انتظامیہ کی خصوصی ٹیم نے سب ضلع اسپتال بیروہ، جموں وکشمیر بینک کی بیروہ شاخ کے علاوہ بس اسٹینڈ وغیرہ کا بھی معائنہ کیا۔
گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایس ڈی ایم بیروہ کے ڈرائیور سے بھی ماسک نہ پہننے کی پاداش میں جرمانہ وصول کیا گیا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے نائب تحصیلدار بیروہ نے بتایا کہ ’’ڈی سی بڈگام کی ہدایت پر بیروہ میں چیکنگ عمل میں لائی گئی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’لوگوں سے جرمانہ وصول کرنا مقصود نہیں بلکہ اس سے عوام کو یہ تاثر دینا مطلوب ہے کہ کورونا ابھی پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے، اس لیے ماسک پہننے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سمیت دیگر سبھی رہنما خطوط پر عمل کرنے سے ہی وائرس کے پھیلائو کو روکا جا سکتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی چیکنگ عمل میں لائی جائے گی اور رہنما خطوط کی خلاف ورزی خصوصا ماسک نہ پہننے کی پاداش میں لوگوں سے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیکنگ ڈرائیو کے دوران انہوں نے دو ہزار روپے سے زیادہ جرمانہ وصول کیا۔
نائب تحصیلدار نے عوام سے رہنما خطوط کی پاسداری کرنے کی تلقین کی۔ وہیں اس دوران مقامی لوگوں نے بھی اس طرح کی کارروائی کی سراہنا کی۔
ڈرائیو کے دوران نائب تحصیلدار بیروہ کے ہمراہ میونسپل کمیٹی بیروہ کے ایگزیکٹیو آفیسر اور پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔