بڈگام (جموں و کشمیر) : وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے سویہ بگ علاقے میں اس وقت کہرام مچ گیا جب بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ 26سالہ فردوس احمد ملک ولد محمد اکبر ملک ساکنہ گرمحلہ، سویہ بگ اپنے گھر میں واٹر پمپ کی مرمت کے دوران بجلی کے راست رابطے میں آیا جس کے نتیجے میں وہ بری طرح سے زخمی ہو گیا۔
مقامی باشندوں کے مطابق زخمی نوجوان کو زخمی حالت میں فوری طور پر اسکمز اسپتال، بمنہ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا علاج و معالجہ کیا تاہم دوران علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ ایک اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بڈگام پولیس نے اس معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی انجام دی جا رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لئے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: Youth Electrocuted in Poonch بجلی کرنٹ لگنے سے 20 سالہ نوجوان زخمی
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں بجلی کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں میں کافی اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ رواں برس اب تک ضلع بڈگام میں متعد افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے فوت ہو گئے ہیں۔ زیادہ تر اموات محکمہ بجلی کی غفلت شعاری کے نتیجے میں رونما ہوتی ہے اور اکثر و بیشتر بجلی ترسیلی لائنز یا ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران محکمہ میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ علاوہ ازیں رہائشی مکانات یا دکان پر غفلت شعاری کے سبب عام لوگوں کی بھی ہلاکتوں کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔