بہار میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ 3 نومبر کو 94 سیٹوں کے لئے ہونی ہے۔ ان 94 اسمبلی حلقوں میں تقریباً 32 اسمبلی حلقوں میں مسلمان فیصلہ کن تعداد (اچھی تعداد) میں موجود ہیں تمام تر سیاسی پارٹیاں مسلمانوں کو رجھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
دارالحکومت پٹنہ کے جنوبی سرحد سے متصل علاقوں کے چار اسمبلی حلقوں میں مسلمان اچھی تعداد میں موجود ہیں۔ ان میں مہوا، پاتے پور، اجیار پور اور سمستی پور علاقوں میں مسلمانوں کا رجحان عظیم اتحاد کی جانب دیکھنے کو ملا ہے۔
راجیہ سبھا سے رکن پارلیمان اشفاق کریم عظیم اتحاد کی حمایت میں سرگرم نظر آئے۔ اشفاق کریم ای ٹی وی بھارت سے بات چیت میں کہا کہ وہ ان علاقوں میں گھوم کر مسلمان، دلت اور پسماندہ افراد کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 سالہ فریب کی حکومت میں غریب عوام پریشان ہے۔ لوگوں کے اندر نوجوان تیجسوی یادو کو وزیراعلیٰ بنانے کا جنون ہے۔
مقامی امین احمد نے کہا کہ ان علاقوں میں مسلمان متحد ہوکر سیکولر اتحاد کو کامیاب بنائیں گے۔ کوئی ترقی یہاں نہیں ہوئی ہے۔
مہیش پٹی مقامی لیڈر سلیم پرویز نے کہا کہ اس بار جئے پرکاش نارائن کے زمانے کی سی تبدیلی کی ہوا چل رہی ہے۔ ہم لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔ حکومت سیکولر محاذ کی بنے گی۔