ارریہ کالج ان دنوں بدلا بدلا نظر آ رہا ہے، کالج کو سجانے سنوارنے کا کام زوروں پر ہے، کہیں بوٹنیکل گارڈن کا وجود عمل میں آ رہا ہے تو کہیں پارک کی تعمیر ہو رہی ہے، کالج کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے کے لئے کالج انتظامیہ سے لے کر ضلع انتظامیہ دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ آخر کیوں نہ ہو، یہاں چھ جنوری کو بہار کے وزیر اعلی نیتیش کمار آ رہے ہیں۔
کبھی بے رنگ سا دکھنے والا ارریہ کالج کے درودیوار کو رنگ و روغن کرکے پرکشش اور جاذب نظر بنانے میں ضلع انتظامیہ کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی۔ نتیش کمار چھ جنوری کو ارریہ بذریعہ ہیلی کاپٹر پہنچیں گے اور سیدھے رجوکھر پنچایت واقع راجا پوکھر جائیں گے۔
راجا پوکھر کے بعد نتیش کمار سیدھے ارریہ کالج آئیں گے اور کالج کا معائنہ کریں گے ساتھ ہی وہ یہاں کئی تعمیراتی کاموں کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس کے بعد نتیش کمار کالج اسٹیڈیم میں اجلاس عام سے خطاب کریں گے۔
حفاظتی نقطہ نظر سے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہے۔ ضلع کلکٹر کے علاوہ ضلع کے تمام اعلیٰ افسران جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔