ارریہ: بہار میں کورونا کے معاملوں میں مسلسل ہورہی کمی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے ان لاک کے پہلے مرحلے کے وقت میں اضافہ کیا ہے وہیں گاڑیوں کی آمد و رفت سے مکمل طور پر پابندی ہٹالی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نئی گائڈ لائنس کے مطابق مارکیٹ کو صبح چھ بجے سے شام کے پانچ بجے تک کھلے رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جس کے بعد آج مارکیٹ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی بھیڑ نظر آئی۔
اس دوران بھیڑ میں کووڈ سے تحفظ کی تدابیر اور سوشل ڈسٹنسنگ کو بالائے طاق رکھ کر لوگ بغیر ماسک کے بازاروں میں گھومتے نظر آئے، جب کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہر چوک چوراہوں پر تشہیر گاڑی کے ذریعہ لوگوں سے ماسک لگانے اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے، اس کے باوجود لوگ بے فکر ہوکر خرید و فروخت کرتے نظر آرہے ہیں۔
شہر میں الیکٹرانکس، بجلی، کپڑا، جوتا چپل اور زیورات کی دکانیں مکمل طور پر کھل گئی ہیں، اس طرح سے 35 دنوں بعد ایک بار پھر سے بازار میں رونق لوٹ آئی ہے اور لوگ بغیر کسی روک وٹوک کے اشیائے ضروریہ کی خریداری کرتے نظر آرہے ہیں۔
اس دوران حکومت کی جانب سے جاری گائڈ لائنس کی خلاف ورزی بھی خوب کی جارہی ہے چوک چوراہوں پر پولس حولدار صرف اپنی ڈیوٹی پوری کر رہے ہیں، بغیر ماسک کے گزرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔