گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں بدمعاشوں کا حوصلہ اتنا بلند ہے کہ کھلے عام درجنوں کی تعداد میں پہنچ کر تابڑ توڑ فائرنگ کرتے ہیں ، لیکن اس دوران پولیس کو بھنک تک نہیں لگتی ، بدمعاش سڑک پر فلمی اسٹائل میں فائرنگ کرتے دیکھے جا رہے ہیں ، جس کی ویڈیو وائرل ہے ، زمین تنازعہ کو لے کر مارپیٹ کے بعد یہ گولی باری کا واقعہ پیش آیا ہے ، سی سی ٹی وی میں قید ہوئی اس واردات کی اب ویڈیو وائرل ہو رہی ہے ، سی سی ٹی وی میں صاف طور پر دیکھا جا رہا ہے کہ کئی لوگ ایک کے بعد ایک فائرنگ کر رہے ہیں، تابڑ توڑ فائرنگ ہو رہی ہے واقعہ شہر کے مفصل تھانہ حلقہ کے سر ہیری گاؤں کا ہے، بتایا جاتا ہے کہ یہ معاملہ جمعرات کی صبح کا ہے اور اس واقعے کے دوران ایک نوجوان کو گولی بھی لگی تھی تاہم آج صبح سے ویڈیو وائرل ہے۔
فائرنگ کے دوران موقع پر افرا تفری مچی رہی ،علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی ہے ، ویڈیو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہاں بدمعاش گھنٹوں رہ کر ہنگامہ کرتے رہے لیکن پولیس کو بھنک تک نہیں لگی حالانکہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی یہاں ہنگامہ شروع ہوا اسی وقت مقامی تھانہ کی پولیس کو اطلاع دے دی گئی تھی لیکن شاید ہو سکتا ہے کہ ضلع میں پڑ رہی شدید سردی کے باعث پولیس باہر نکلنا نہیں چاہ رہی ہو۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں 50 راؤنڈ سے زیادہ فائرنگ ہوئی اور بدمعاش آسانی سے راہ فرار اختیار کر لیتے ہیں ، دراصل معاملہ زمینی تنازع کا بتایا جا رہا ہے، دعوی ہے کہ گولی باری کرنے والے گروپ کی شبیہ مجرمانہ رہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا رہا ہے کہ ایک نوجوان ذہیب عرف فرحان کے پیٹ میں گولی لگتی ہے اور وہ ایک گاڑی کے پیچھے گر جاتا ہے تبھی دوسرے فریق جن پر گولیاں چلائی جا رہی تھیں۔ اُن میں کچھ لوگ پہنچ کر اس نوجوان کو اٹھا کر لیکر جاتے ہیں۔
ویڈیو میں صاف طور پر دیکھا جا رہا ہے کہ گولی چلانے والا کوئی ایک دو نوجوان نہیں ہے بلکہ اس بھیڑ میں شامل کئی نوجوان ہیں جو ہاتھوں میں اسلحے لہراتے ہوئے دنادن فائرنگ کر رہے ہیں ، کہا جا رہا ہے کہ زمین کے قبضے کو لے کر دوسرے فریق کے 50 سے 60 لوگ اسلحہ لے کر پہنچے تھے اسی دوران ایک فریق نے جب زمین پر قابض ہونے سے روکا تو وہ مشتعل ہو گئے اور مار پیٹ کرنی شروع کر دی جب گاؤں کے لوگوں نے جمع ہو کر ان لوگوں کی مخالفت کی تبھی ان کے ذریعے فائرنگ شروع کر دی گئی لیکن اس دوران اپنے بچاؤ میں دوسری طرف سے بھی زبردست سنگ باری کی گئی۔
اس واقعے میں تین افراد شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج اے این ایم سی ایچ میں چل رہا ہے ،اطلاع کے مطابق زمینی تنازعہ ایک ہی خاندان کے دو لوگوں کے درمیان برسوں سے چل رہا ہے اور یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے لیکن کل دوسرے فریق کی طرف سے اس زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی جس کی مخالفت میں گولی باری کا واقعہ پیش آیا ہے ، وہیں اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو ان تک بھی پہنچی ہے۔ پولیس سبھی کی پہچان میں مصروف ہے اور جلد ہی گولی باری کی واردات کو انجام دینے والوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔