سپول: ریاست بہار کے سپول ضلع کے پپرا تھانہ علاقے میں بدمعاشوں نے ایک ٹیچر سمیت دو لوگوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس ذرائع نے اتوار کو یہاں بتایا کہ دیناپٹی گاؤں باشندہ محمد نور اللہ (38) اور ان کے ساتھی سکندر داس (35) کھانے کے بعد گاؤں کے پان کی دکان پر پان کھانے جا رہے تھے کہ انہیں گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو پپرا پرائمری ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ قتل کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Murder in Odisha اوڈیشہ میں نوجوان نے دو خواتین کو قتل کیا
مرنے والوں کی شناخت محمد نور اللہ اور سکندر داس کے طور پر ہوئی ہے جو دینا پٹی کے رہنے والے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ دینا پٹی پہنچنے کے بعد موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے دونوں نوجوانوں کو ان کے گھر کے قریب گولی مار دی۔ جس کے بعد ملزمان وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس واقعہ کے بعد جہاں ایک طرف خوف وہراس ہے وہیں اہل خانہ میں کھلبلی مچ گئی۔ مقامی لوگ گولی لگنے کے بعد دونوں نوجوانوں کو سی ایچ سی پپرا لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ نور اللہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران اسے گولی لگی جس میں ایک گولی آنکھ میں لگی تھی۔