چھپرا: ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف ) نے بہار کے سارن ضلع میں شمال مشرقی ریلوے کے چھپرا جنکشن پر منگل کی دیر رات ڈبرو گڑھ سے نئی دہلی جانے والی راجدھانی ایکسپریس میں طالبات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں دو فوجی اہلکاروں کو گرفتار کیا ہے۔
چھپرا جنکشن ریلوے پروٹیکشن فورس کے ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق نوودئے ودیالیہ کی آٹھ طالبات کا ایک گروپ ڈبرو گڑھ - نئی دہلی راجدھانی ایکسپریس ٹرین سے تعلیمی دورے پر نئی دہلی جا رہا تھا۔ ان طالبات کے ساتھ ایک خاتون اور ایک مرد ٹیچر بھی تھے۔ ٹرین کی بوگی میں دو فوجی جوانوں کی طرف سے حاجی پور سے ٹرین کھلنے کے بعد چھیڑ چھاڑ شروع کر دی گئی۔ جس کی اطلاع طالبات نے اپنے ٹیچر کو دی۔ اس معاملے کی اطلاع ٹیچر نے ٹرین کے ٹکٹ انسپکٹر کو دی۔ جس کے ذریعے کنٹرول کو معاملے سے آگاہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ چھپرا جنکشن پر مذکورہ بوگی میں پہنچنے کے بعد فوج کے دو اہلکار پکڑے گئے اور جب بریتھ اینلائزر سے ان کا معائنہ کیا گیا تو شراب پینے کی بھی تصدیق ہوئی۔ جس کے بعد ریلوے پروٹیکشن فورس کے اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد جوانوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ راجدھانی ایکسپریس میں نیو جلپائی گوڑی کے نوودیا ودیالیہ کے پرنسپل ونے کمار اپنی طالبات کے ساتھ دہلی کے امتحان کے لیے جا رہے تھے۔ تبھی دونوں جوانوں کے ذریعے طالبات سے چھیڑ چھاڑ کی گئی، جس کی اطلاع پرنسپل ونے کمار نے چھپرا آر پی ایف کو دی، آر پی ایف نے دونوں جوانوں کو اپنی تحویل میں لے کر جی آر پی کے حوالے کر دیا۔
یواین آئی