اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے اپنے صدارتی تقریر میں کہا کہ امارت شرعیہ ایک الہامی ادارہ ہے، اور اس سے وابستہ سارے ذمہ دار و کارکنان بھی موفق من اللہ ہے، ہم سب کو اللہ کی اس نعمت پر شکر بجا لانا چاہئے اور اخلاص و للہیت کے جذبے کے ساتھ اس ادارہ کی ترقی و استحکام میں اسی عزم و حوصلہ اور توانائی کے ساتھ لگے رہنا چاہیے. انشاءاللہ جس طرح اس کا ماضی روشن اور تابناک رہا ہے، مستقبل بھی روشن اور تابناک رہے گا.
امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا شبلی القاسمی نے کہا کہ آج ہم روشن تاریخ سے روشن مستقبل کی راہیں ہموار کرنے کے لئے بیٹھے ہیں، گاندھی میدان میں تاریخی پروگرام کے ذریعہ امارت شرعیہ نے بتا دیا کہ آج بھی امارت شرعیہ بزرگوں کی امانت کو بڑی مضبوطی کے ساتھ سنبھال کر رکھے ہوا ہے.
امارت شرعیہ کو کبھی افراد کی کمی نہیں رہی، قیام کے وقت سے آج تک ایسے امیر ہوئے جو پورے ملک میں مستند و معتبر تھے. جو عالم با عمل تھے، صاحب دل اور دور اندیش تھے. امارت شرعیہ کے صدر مفتی مولانا سہیل احمد قاسمی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہم سب کو امارت شرعیہ جیسے عظیم ترین ادارہ میں خدمت کا موقع دیا.
مزید پڑھیں :امارت شرعیہ کی ایک صدی مکمل ہونے پر نائب امیر شریعت سے خصوصی گفتگو
قاضی شریعت مولانا قاضی انظار عالم قاسمی نے کہا کہ امارت شرعیہ کے جتنے اکابر گزرے ہیں، ان کا اخلاص، جذبہ خدمت اور فکر ایسی اعلیٰ تھی کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے آپ کو خادم سمجھا، ہم بھی خدمت کا جذبہ اپنے اندر پیدا کریں، نئی صدی میں ہم لوگ اسی خدمت کے جذبے، اخلاص اور اتحاد کے ساتھ کام کریں گے. اس موقع پر نائب ناظم مولانا سہیل احمد ندوی، مفتی سعید الرحمان قاسمی، مفتی سہراب ندوی، مولانا رضوان ندوی، مولانا قمر انیس قاسمی وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا.