راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی یادو بیروزگاری رتھ یاترا لے کر بہار کادورہ کررہے ہیں، اسی سلسلے میں وہ ضلع گیا پہنچے، یہاں انہوں نے شیرگھاٹی کے رنگ لال ہائی اسکول کے میدان میں جلسہ عام سے خطاب بھی کیا، جس میں انہوں نے ریاستی حکومت پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔
راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد یادو کے چھوٹے بیٹے و سابق نائب وزیراعلی تیجسوی یادو بہار اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہوگئے ہیں ۔
تیجسوی یادو بہار کے اضلاع کادورہ کرکے عوام سے اپیل کررہے ہیں کہ ان کی پارٹی کو ووٹ دے کر انہیں فتحیاب کریں تاکہ ریاست کے مسائل کا خاتمہ ہو خصوصاً بیروزگاری کا خاتمہ ہوسکے نیز انہیں اقتدار ملنے کے بعد وہ بے روزگاری، مہنگائی کو ختم کریں گے۔
گیا کے شیرگھاٹی میں تیجسوی یادو نے جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے بے روزگاری ، مہنگائی، معیشت، لاء اینڈ آرڈر ، خراب سڑکوں کو درست کرنے کاوعدہ کیا۔
تیجسوی یادو نے دوران خطاب مرکزی و ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی انہوں نے سی اے اے کے خلاف لڑائی جاری رکھنے کااعلان کیا۔
تیجسوی یادو نے راشٹریہ جنتادل کے کارکنان و رہنماوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے جھوٹ و فریب میں نا آئیں، نفرت کی سیاست کو معاشرے پر حاوی نا ہونے دیں' رام بن کر صبر کا بیر کھانا ہوگا ' اور کرشن بن کر سُداما کا پیر دھونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 'آپ جاگے رہے تو بہار میں آرجے ڈی کی حکومت بننے سے کوئی نہیں روک سکتا، بے روزگاری یاترا کے جلسہ عام میں پہچنے سے قبل آرجے ڈی کے کارکنان نے تیجسوی یادو کا والہانہ خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر بہار اسمبلی کے سابق اسپیکر ادئے نارائن چودھری، رکن اسمبلی سریندر یادو، کمار سروجیت اور سمتا دیوی سمیت متعدد سینیئر رہنماء موجود تھے۔