راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے پٹنہ میں واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ کو کووڈ کیئر سینٹر میں بدل دیا ہے، جہاں کورونا مریضوں کو مفت سہولیات ملیں گی۔ یادو نے بدھ کو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کر کے اس کی جانکاری دی۔
انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا کہ 'اپنے 1 پولو روڈ پر واقع سرکاری رہائش گاہ پر تمام ضروری میڈیکل دواﺅں، ضروری آلات اور کھانے ۔ پینے کی مفت سہولیات سے لیس آر جے ڈی کووڈ کیئر کا قیام کر کے حسب ضابطہ اسے حکومت کے ذریعہ اپنانے کی درخواست اور سپرد کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر اس کی توسیع کی جاسکتی ہے۔'
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت اس مثبت پہل کا خیر مقدم کر انسانی مفاد میں حسب ضابطہ اس کووڈ سینٹر کو چلائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپنی رہائش گاہ پر قائم کووڈ کیئر سینٹر کے آپریشن اور آگے کی کاروائی کیلئے وزیر صحت کو خط لکھا ہے۔ وزیراعلیٰ کو بھی خط کی کاپی بھیجی گئی ہے۔
تیجسوی یادو نے اس کے ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے، جس میں ایک ہال میں کچھ بیڈ اور ایک ٹیبل پر کچھ دوائیاں نظر آرہی ہیں لیکن آکسیجن کے نام پر صرف دو سلینڈر ہی نظر آرہے ہیں۔