پٹنہ: آل انڈیا ملی کونسل کے زیر اہتمام یوم اساتذہ کی مناسبت سے اساتذہ کی عزت افزائی اور ان کے تدریسی خدمات کے اعتراف کے لیے ایک پر وقار تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے وزیر قانون ڈاکٹر شمیم احمد و سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر شکیل احمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پورے بہار سے درس و تدریس شعبہ میں مختلف مضامین میں نمایاں خدمات انجام دینے 29 اساتذہ کرام کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ و توصیفی سند سے سرفراز کیا گیا۔ Teachers Day Celebrated in Patna
اس پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے کارگزار جنرل سکریٹری مولانا نافع عارفی نے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'اساتذہ کے دم سے ہی بزم علم میں رونق ہے، یہی قوم کے لئے ایسے افراد تیار کرتے ہیں جن کے دم پر قومیں عرش سے فرش تک کا سفر طے کرتی ہیں۔ All India Milli Council Honored Teachers
اس کے علاوہ صدارتی خطاب میں مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا کہ 'نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا کا معلم اور استاد بنا کر بھیجا گیا۔ تعلیم کا فروغ اور دنیا کو ہر طرح کی جہالت سے پاک کرنا ہمارا مشن ہے۔ ملک میں تعلیمی میدان میں جو ترقی ہے وہ اساتذہ کی وجہ سے ہے، اس لیے وہ قابل تکریم ہیں۔
رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ 'آج ہمیں ملک کے دوسرے صدر جمہوریہ ڈاکٹر رادھا کرشنن کے افکار کو سمجھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے اپنی زندگی کا قیمتی وقت لوگوں کی تعلیم و تربیت میں گزارا تھا۔
سابق وزیر ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ 'آج کے دن ہمیں یہ عہد لینا چاہیے کہ ہم ایک مثالی استاد کی حیثیت سے سماج میں کام کریں گے اور طلباء میں اچھے اوصاف پیدا کریں گے۔ ایسا کرنے سے ہر گھر علم کی روشنی سے منور ہوگا۔ اس موقع پر وزیر قانون ڈاکٹر شمیم احمد، سابق جج جمشید قمر، مولانا رضوان احمد اصلاحی، نجم الحسن نجمی، مولانا عالم قاسمی وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔