مرکزی یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سیکشن آفیسر چودھری حنیف خان اس وقت سیمانچل کے دورے پر ہیں۔ وہ اپنے اس دورے میں مسلم اکثریتی ضلع کشن گنج کے مختلف مدارس اور مکاتب کے تعلیمی معیار کا جائزہ لے رہے ہیں۔
چودھری حنیف خان آج جامعہ محمود المدارس پہنچے جہاں ان کا پرزور استقبال کیا گیا۔ جامعہ کے سیکشن آفیسر کے ذریعے یہاں تعلیمی وتربیتی کیمپ کا آغاز بھی کیا گیا۔
طلبا سے خطاب کرتے ہوئے چودھری حنیف خان نے کہا کہ قرآن وحدیث کی تعلیم ہی اصل تعلیم ہے۔ جس تعلیم سے ہمیں روزگار حاصل ہوتا ہے دراصل وہ ہنر ہے۔ آج پوری دنیا اسی کے پیچھے بھاگی پھر رہی ہے۔ حالانکہ اس کا حاصل کرنا بھی ضروری ہے لیکن تربیتی زندگی گزارنے کے لیے قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کے زمانے میں کئی چیزوں کا مشاہدہ ہوتا ہے۔ کھانے، سونے، کھیلنے وغیرہ کا مشاہدہ کرنے کے بعد ہی اچھی تعلیم حاصل کر کے کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو تعلیم آپ حاصل کر رہے ہیں ارادہ کیجئے کہ اس سے دنیا کی خدمت کریں گے اور یہی دین کی بھی خدمت کہلاتی ہے۔
وہیں مدرسہ کے بانی و ہیڈ مدرس قاری مشکور نے جامعہ سیکشن آفیسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حضرت کے ذریعے آغاز کیے گئے تعلیمی و تربیتی کیمپ سے یقیناً بچوں کو خاصہ فائدہ ہوگا۔