جموئی: بہار کے جموئی میں ہولی کے دن دو فریقوں کے درمیان زبردست پتھراؤ ہوا۔ اس واقعہ میں پتھر لگنے سے کئی لوگ زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ سکندرا تھانہ علاقہ میں پیش آیا۔ ہولی کے موقعے پر لوگ خوشی کے ماحول میں جشن منا رہے تھے۔ دوسری جانب چھوٹی چھوٹی بات پر پیدا ہونے والے جھگڑے میں دونوں فریقوں میں ٹکراؤ ہوگیا۔ اس دوران پتھراؤ بھی ہوا۔ اس واقعہ میں کمل یادو سمیت تقریباً نصف درجن لوگ زخمی ہو گئے۔ قابل ذکر ہے کہ دونوں فریق کا تعلق ایک ہی مذہب سے ہے۔
پولیس کا فلیگ مارچ: جموئی میں ہولی کے جشن کے دوران اچانک گانا بجانے کے معاملے پر حالات کشیدہ ہوگئے۔ علاقے میں کشیدگی بڑھنے پر دونوں فریقوں کے بیچ پتھر بازی بھی ہوئی۔ صورت حال کے پیش نظر ایس ڈی او ابھے کمار تیواری، ایس ڈی پی او ڈاکٹر راکیش کمار، بی ڈی او امت کمار، سی او کرشنا کمار سوربھ، انسپکٹر شری کانت کمار، تھانہ صدر آشیش کمار کے علاوہ ایس ایس بی 32 ویں کور کے اہلکاروں نے موقعے پر پہنچ کر معاملہ کو سنبھالا۔ اسی دوران عہدیداروں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پیدل فلیگ مارچ بھی کیا۔
مزید پڑھیں: Chapra Mob Lynching چھپرا میں ماب لنچنگ، نوجوان ہلاک
امن برقرار رکھنے کی اپیل: مقامی حکام اور پولیس فورس نے امن برقرار رکھنے کے لیے فلیگ مارچ کیا۔ اس دوران ایس ڈی او نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں جو بھی قصوروار ہے اور جس نے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تاہم دونوں فریقوں کی جانب سے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ اس وقت پولیس پرامن ماحول میں گشت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اس واقعہ میں ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے قصوروار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی"