گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع ساؤتھ بہار سینٹرل یونیورسٹی میں مسلسل کوششوں کے بعد 19 ستمبر سے اردو اوپن الیکٹیو کورس کی شروعات ہوئی ہے۔ کورس کا افتتاح کرتے ہوئے سریش چندر صدر شعبہ ہندوستانی زبان ساؤتھ بہار سینٹرل یونیورسٹی گیا نے کہا کہ اس شعبہ کے مکمل ہونے کی جانب یہ دوسرا قدم ہے۔ ڈاکٹر کفیل احمد نسیم کی لمبی کوششوں کے بعد آج اپنے شعبہ میں اردو کی کلاس کا افتتاح کرتے ہوئے مجھے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ اس کورس کے استاد ڈاکٹر کفیل احمد نسیم کو میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جنھوں نے اردو کی کلاسز شروع کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں:
اس کے علاوہ بھی انھوں نے بہت سے پروپوزل جیسے ایم اے اردو، پی ایچ ڈی اردو وغیرہ جمع کیے ہیں۔ جن پر مستقبل قریب میں شروع کرنے کی منظوری لی جائے گی۔ آج اس شعبہ میں اردو کلاسز کی جانب پہلا قدم ہے جس میں ہم سب تاریخی گواہ کی صورت میں جمع ہوئے ہیں۔ آج کا دن اور اردو اوپن الیکٹیو کورس کی یہ کلاس ہمارے شعبہ کے لیے تاریخی دن ہے کہ ہندی کے بعد اردو کی پڑھائی بھی شروع ہو رہی ہے۔ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا طالب علم ہوں اور میں نے اردو پڑھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اردو سے محبت ہے اور اس کے مفاد میں ہر قدم کوششیں کرتا رہوں گا۔ کورس انچارج ڈاکٹر کفیل احمد نسیم نے کہا کہ میں وائس چانسلر پروفیسر کامیشور ناتھ سنگھ اور صدر شعبہ پروفیسر سریش چندر کے ساتھ اپنے شعبہ کے تمام اساتذہ کا شکر گزار ہوں جنھوں نے ہماری اس کوشش کو کامیاب بنانے میں اپنے اختیارات اور اقدامات سے نوازا۔ اردو کلاسز سے متعلق ہمارے دیگر پروپوزل کی منظوری میں بھی ان سب کا تعاون ہمارے لیے قابل فخر اور اطمینان بخش ہے۔
اس موقع پر شعبہ ہندوستانی زبان کے استاد ڈاکٹر یوگیش پرتاپ شیکھر، ڈاکٹر رام چندر رجک، شعبہ انگریزی کے استاد ڈاکٹر سریش کوراپتی اور شعبہ قانون کے استاد ڈاکٹر دیو نرائن سنگھ نے شعبہ کی تاریخ، اس کے ناموں کی تبدیلی، ہندی اردو اور دیگر ہند آریائی زبانوں کے اشتراک اور ارتقا پر گفتگو کرتے ہوئے اردو اوپن الیکٹیو کورس کی شروعات کے لیے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کورس انچارج ڈاکٹر کفیل احمد نسیم کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اردو اوپن الیکٹیو کورس میں رجسٹرڈ طلبہ نے بھی اپنے کورس کے انتخاب پر اظہار خیال کیا۔