گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع مرزا غالب کالج میں یکم مارچ کو ایک خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس حوالہ سے تیاری تقریباً مکمل ہو چکی ہے، اس کے لیے سیکریٹری شبیع عارفین شمسی کی زیر نگرانی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے لئے کوآرڈینیٹر کے طور شعبہ ریاضی کے ڈاکٹر لاڈلے خان کو مقرر کیا گیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے کمیٹی اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ یاد رہے کہ اس پروگرام میں پدم شری انعاف یافتہ پروفیسر سید احتشام حسنین سابق وائس چانسلر حیدرآباد یونیورسٹی اور جامعہ ہمدرد، نئی دہلی، ’’آج کے دور میں ٹیکنالوجی کی اہمیت‘‘ پر اپنا خصوصی لیکچر پیش کریں گے۔ سیکریٹری شمسی کی صدارت میں تیاریوں سے متعلق ایک نشست منعقد ہوئی جس میں اب تک کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
شمسی نے پروگرام کے حوالہ سے کہا کہ ’’آج کے بدلتے ہوئے طرز زندگی کو ٹیکنالوجی سے جوڑ کر دیکھنے کا یہ پہلا تجربہ ہوگا۔ پدم شری پروفیسر احتشام حسنین کو جرمنی اور انگلینڈ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ان کے سائنسی تجربات کے لیے اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔ ان کی رہنمائی میں 150 سے زائد طلباء پی ایچ ڈی سمیت کئی دیگر ڈگریاں اور تحقیق مکمل کر چکے ہیں۔ اپنے لیکچرز میں وہ ’آج کے طرز زندگی میں ٹیکنالوجی کی اہمیت‘ پر بات کریں گے اور ہم اس کے لیے کتنے تیار ہیں اس پر غوروفکر کریں گے۔‘‘
مزید پڑھیں: Fine Imposed on Gaya Mirza Ghalib College: مرزا غالب کالج پر 1.5 لاکھ کا جرمانہ
اس خصوصی لیکچر کے حوالے سے پورے کالج میں جوش و خروش کا ماحول ہے۔ سیکریٹری نے ہدایت دی ہے کہ اس کی تیاری میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے لئے سیکرٹری شمسی، انچارج پروفیسر ڈاکٹر نسیم خان، وائس پرنسپل ڈاکٹر شجاعت علی خان، ڈاکٹر آفتاب خان، ڈاکٹر ثروت شمسی، ڈاکٹر جاوید خان، پروفیسر ضیاء الرحمن جعفری وغیرہ باریکی سےمطالعہ کر رہے ہیں اور تیاریوں میں مصروف ہیں۔