کشن گنج ٹاؤن تھانہ کے ایس ایچ او کی بنگال میں لنچنگ کے باعث ہوئی موت کے بعد صدمہ سے ان کی ماں پورنیما دیوی کی کل صبح موت ہوگئی، جانکاری کے مطابق پورنیما دیوی دل کے مرض میں مبتلا تھیں۔ ایس ایچ او کی موت سے اتر دیناجپور ضلع اور کشن گنج ضلع پولیس محکمہ میں غم کی لہر چھا گئی۔
وہیں ایس ایچ او اشونی کمار کی بیٹی سسوتی (16) نے ان پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جو اس کے والد کے قتل کے دن ان کے ساتھ تھے۔ اس کا کہنا ہے کہ جو پولیس اہلکار اس کے والد کے ساتھ تھے انہوں نے ان کے والد کو بچایا کیوں نہیں۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس نے حکومت سے اس معاملے میں سی بی آئی سے جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
اشونی کمار نے گاؤں کے اسکول میں ہی ابتدائی تعلیم حاصل کی تھی۔ ٹھاکر ہائی اسکول کھونٹ سے میٹرک امتحان پاس کیا،اعلی تعلیم کے لیے ان کا داخلہ مدھے پورہ کے ٹی پی کالج میں ہوا، اشونی کمار اپنے بھائی بہنوں میں سب سے بڑے تھے اور پورے خاندان کو ان پر ناز تھا۔ ان کے خاندان میں بہن بلبل، چھوٹا بھائی پروین کمار، اس کے علاوہ چھوٹی بہن رشمی ہے۔
ان کے والد مہیشوری پرساد یادو کی موت 2014 میں ہوئی تھی۔ اس دردناک واقعہ سے جہاں پورا گاؤں غم میں ڈوبا ہوا تھا کہ ایک اور افسوسناک خبر سامنے آئی کہ ان کی والدہ کی بھی موت ہوگئی۔
اشونی کمار اور ان کی ماں کی آخری رسومات کل تقریباَ دو بجے گاؤں میں ہی ادا کی گئی، جس میں پولیس کے کئی اعلیٰ افسران نے شرکت کی، پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی گئی ۔
پانچو ٹولا کے باشندگان کی مانیں تو اشونی کمار کا شمار خوش اخلاق اور سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی شخصیت میں ہوتا تھا۔ تعطیل کے موقع پر گھر آنے پر سبھی سے ملاقات کیا کرتے تھے۔ گزشتہ چار برسوں سے انسپکٹر اشونی کمار کا پورا خاندان داراحکومت پٹنہ میں رہتا ہے۔ ان کی اہلیہ اور تینوں بچے بہتر تعلیم کے لیے گزشتہ کئی برسوں سے پٹنہ میں ہی رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پورنیہ کے آئی جی سریش کمار چودھری نے اس معاملہ میں چھ پولیس اہلکاروں کو لاپرواہی کے الزام میں معطل کردیا ہے، جبکہ اس معاملہ میں بنگال کے اسلام پور ایس پی سچن مکر کے مطابق ابتک اس معاملے میں پانچ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جس میں موٹر سائیکل چور گروہ سے تعلق کے الزام میں فیروز عالم اس کے بھائی ابوذر، اس کی ماں شاہ نورکے علاوہ محمد اسرائیل اور عبدالملک کا نام شامل ہے، تینوں کو پولیس نے گرفتار کیا تھا جبکہ دو افراد کو کل رات گرفتار کیا گیا ہے۔