گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کے ایک اسکول میں مڈڈے میل کا کھانا کھا کر بیمار پڑے طالبات کی حالت اب مستحکم ہے۔ 40 طالبات میں 28 طالبات کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے جبکہ 12 طالبات کو ڈاکٹروں نے آبزرویشن میں رکھا ہے۔ ڈی ایم نے ضلع ایجوکیشن افسر کی قیادت میں جانچ کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ پہلی نظر میں یہ پایا گیا ہے کھانے میں چھپکلی گرگئی تھی۔
گیا ضلع کے نکسل متاثرہ ڈومریا بلاک کے تحت آنے والے میگرا کستوربا اسکول میں دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد 50 سے زیادہ طالبات بیمار پڑ گئی تھیں جن کی اب حالت مستحکم ہے۔ زیادہ تر طالبات کو ابتدائی علاج کے بعد ہسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔ ضلع ایجوکیشن افسر اصغر عالم نے بتایاکہ پورے معاملے کی ڈی ایم تیاگ راجن کی ہدایت پر تحقیق ہورہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ پیش آنے کے بعد فوری طور پر سبھی کو ڈومریا کے سرکاری ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔ تقریباً ایک درجن طالبات کی حالت تشویشناک تھی لیکن اب وہ بہتر ہیں۔ فی الحال سبھی زیر علاج ہیں۔ واضح ہوکہ اس واقعہ سے اسکول میں کہرام مچ گیا تھا۔ اس معاملے میں اسکول کا کوئی فرد تفصیل بتانے کو تیار نہیں تھا حالانکہ اس سلسلے میں بعد میں کستوربا اسکول کے ہیڈماسٹر نریندر ترپاٹھی نے بتایا کہ مڈ ڈے میل کھانے کے بعد طلباء کی طبیعت اچانک خراب ہونے لگی تھی۔ انہیں چکر آنے لگے اور قے ہونے لگی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر 24 بچیوں کو ایمبولینس کی مدد سے ڈومریا ہسپتال بھیجا گیا۔ دوسری طرف ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کستوربا اسکول پہنچ کر تمام بچیوں کا علاج کر رہی ہے۔ اطلاع کے مطابق باورچی نے کھانا پکانے کے دوران سنگین غفلت کا ارتکاب کیا ہے۔ اطلاع کے مطابق مڈ ڈے میل میں چھپکلی گرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کستوربا اسکول ہاسٹل کے طور پر چلایا جاتا ہے۔ یہاں کی لڑکیاں ہاسٹل میں رہ کر پڑھتی ہیں جبکہ اس سلسلے میں ڈی ایم تیاگ راجن نے کہاکہ اطلاع ملنے کے بعد فوری طور پر ایس ڈی ایم شیرگھاٹی سمیت کئی اعلی حکام کو اسکول بھیجا گیا۔
ڈی ایم نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی فوری طور پر اسکول پہنچ کر افسران نے حالات کا جائزہ لیا۔ ہسپتال میں 40 لڑکیاں بھرتی کرائی گئی تھیں، جن میں 28 لڑکیوں کو ابتدائی علاج کے بعد چھٹی دے دی گئی جبکہ بارہ لڑکیاں ابھی زیر علاج ہیں اور ان کی حالت بھی اچھی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان بارہ لڑکیوں کو آبزرویشن میں رکھا گیا ہے۔ کل تک انہیں بھی ہسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پورے معاملے کی تحقیقات کے لیے ان کی طرف سے ضلع ایجوکیشن افسر کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جو بھی رپورٹ ہوگی اس کے تحت آگے کی کاروائی کی جائےگی۔
یہ بھی پڑھین: Dead Snake Found In Mid Day Meal مڈڈے میل میں سانپ برآمد ہونے کے بعد بچے بیمار