اس تعلق سے جنکشن احاطے میں ضلع مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ اور ایس ایس پی راجیومشرا نے میٹنگ بھی کی۔
ملک کی مختلف ریاستوں میں لاک ڈاون کے درمیان پھنسے مزدور و طلباء اور مسافروں کو ان کے آبائی گھر بھیجنے کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
گیا اسٹیشن پر بھی اسپیشل مزدور ٹرینوں کی آمد کی توقع ہے، ایسے میں انتظامیہ اور ریلوے انتظامیہ نے پہلے سے تیاریوں کو مکمل کرنے کا دعوی کیا ہے۔
گیا جنکشن پر آنے والے مزدوروں اور طلباء کو ان کے مقام تک پہنچانے اور اسٹیشن احاطہ ہی میں پوری طرح سے اسکریننگ کرنے کا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے۔
گیا اسٹیشن پر اترنے والے دیگر اضلاع کے مسافروں کو بسوں سے انہیں ان کے ضلع تک پہنچانے کے لیے ضلع انتظامیہ نے بسوں کا انتظام کیا ہے۔
اسٹیشن پر بیریکیڈنگ کرانے کے ساتھ ساتھ دس کاونٹر بنائے گئے ہیں جس میں مگدھ کمشنری کے ہر ضلع کا ایک کاونٹر ہے اور سبھی کاونٹر پر ضلع کے نام اور ضروری معلومات لکھی گئی ہے۔
گاندھی میدان اسٹیڈم میں بسیں تیار کھڑی ہیں اور ضلع اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
ضلع مسجٹریٹ ابھشیک کمارسنگھ نے کہا کہ باہر سے آنے والے لوگوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، آنے والے لوگوں کی بہتر ڈھنگ سے اسکریننگ کی جائے اسے یقینی بنانے کو کہا گیا ہے، میڈیکل ٹیم سمیت ضلع انتظامیہ کی ٹیم ریلوے کے ساتھ ملکر اسے بہتر ڈھنگ سے انجام دے گی۔
ضلع ٹرانسپورٹ افسر جناردھن کمار نے بتایا کہ گیا جنکشن پر جو آنے والے ہیں انہیں بسوں سے ان کے مقام تک پہنچایا جائے گا۔
ضلع گیا کے باہر کے مزدور یا طلباء ہوں گے تو انہیں اسکریننگ کے بعد سیدھے بسوں سے ان کے ضلع روانہ کردیا جائے گا جبکہ گیا کے لوگوں کو سیدھے نگمامانیسٹری بھیجا جائے گا جہاں سے انہیں چھوٹی گاڑیوں سے ان کے بلاک کے کورنتائن سینٹر پر بھیجا جائے گا۔