بہار اسمبلی میں بجٹ اجلاس کا آج آخری دن ہے۔ آج اسمبلی کے دونوں ایوان میں ریاستی حکومت کی جانب سے بہار اسپیشل آرمڈ پولیس بل کو پیش کیا جائے گا ۔ وہیں آر جے ڈی آج بہار میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی، جرائم اور شراب بندی سمیت تمام مسائل پر اسمبلی کا محاصرہ کرے گی۔اس دوران آر جے ڈی کے نوجوان کارکن اور متعدد بڑے رہنما شامل رہیں گے۔ حالانکہ اس گھیراؤ کے لیے پارٹی کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہیں مل پائی ہے۔
آج یووا راشٹریہ جنتا دل بے روزگاری سمیت دیگر مسائل پر اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کی تیاری میں ہے۔یووا راشٹریہ جنتا دل کا دعوی ہے کہ اس میں ان کے رہنما تیجسوی یادو بھی شامل ہوں گے۔وہیں اس احتجاجی مظاہرے میں پارٹی کارکن کے علاوہ عام لوگ خصوصی طور پر ریاست کا نوجوان طبقہ بھی شامل ہوگا۔
آر جے ڈی نے اپنے سرکاری ہینڈل ٹوئیٹ پر لکھا ہے کہ 'بے روزگاری، مہنگائی، بڑھتے جرائم اور لاکھوں کانٹریکٹ ملازمین کے ساتھ ہورہی ناانصافی کے خلاف بہار کے بے روزگارنوجوان اور عام شہری آج 11 بجے حزب مخالف رہنما تیجسوی یادو کے ساتھ اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے اور لاپرواہ حکومت کو اپنی طاقت کا احساس کروائیں گے۔
وہیں حزب مخالف رہنما تیجسوی یادو نے بھی ٹوئیٹ کر عوام سے موجودہ حکومت کے خلاف آواز بلند کرنے کی بات کہی ہے۔تیجسوی نے ٹوئیٹ کرکے لکھا کہ 'آر جے ڈی کے ساتھیوں کے ساتھ بے روزگاری، مہنگائی، پیٹرول اور رسوئی قیمت میں ہوئے اضافہ، تمام کانٹریکٹ ملازمین اور اساتذہ کے ساتھ ناانصافی اور بہار اسپیشل آرمڈ پولیس بل کی تشکیل کے خلاف اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے۔
اطلاع کے مطابق پٹنہ انتظامیہ گردنی باغ پر احتجاج اور جلوس کی اجازت دی جاتی ہے۔لیکن ٹریفک نظام کی برہمی، امن و امان کی صورتحال اور کووڈ ۔19 کے خدشات کے پیش نظر اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔