ریاست بہار کے شہر گیا میں پٹرول ڈیزل، سرسوں کا تیل سمیت دیگر اشیاء کی لگاتار بڑھتی قیمت کی مخالفت میں آرجے ڈی کے رہنما اور ارکان نے احتجاجی مارچ نکالا۔
سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی ڈاکٹر سریندر پرساد یادو، ضلع صدر محمد نظام، سینیئر رہنما عذیر احمد خان بیل گاڑی پر سوار ہوکر احتجاج میں شامل ہوئے۔
ضلع گیا میں واقع تاریخی گاندھی میدان سے یہ مارچ نکالا گیا اور شہر کے مختلف سڑکوں سے ہوتے ہوئے کلکٹریٹ تک پہنچا جہاں پر کچھ دیر احتجاج کے بعد وہاں سے روانہ ہوکر مقامی ٹاور چوک کے پاس پہنچا اور وہاں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے میں مرکزی وریاستی حکومت کے ذریعے جاری کووڈ۔19 کے پروٹوکول اور لاک ڈاؤن کے دوران کیے کاموں پر بھی شدید نکتہ چینی کی گئی اور نعرے بازی کرتے ہوئے بڑھتی مہنگائی پر کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی ڈاکٹر سریندر پرساد یادو نے کہا کہ 'آرجے ڈی کے سپریمو لالو پرساد یادو اور حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو کی ہدایت پر ریاست گیر احتجاج ومظاہرے ہو رہے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'مرکز کی مودی حکومت کی پالیسی نے عام لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے یہ سرکار زندگی کے لیے ضروری اشیاء کی قیمت بڑھا کر عام لوگوں کے کندھوں پر بوجھ بڑھا رہی ہے مرکزی حکومت صرف سرمایہ کاروں کو مضبوط کرنے کے لئے سب کچھ کر رہی ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: بانڈی پورہ: مریض ہسپتال میں مقفل
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سریندر یادو نے کہا کہ 'بہار میں مہنگائی بے روزگاری کے ساتھ کورونا کے دوران ہوئی موتوں کی تعداد چھپانے کے لئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار طرح طرح کی بہانہ بازی کر رہے ہیں۔'
اس موقع پر رہنماؤں نے پارٹی کے کارکن کو ہدایت دی کہ وہ گاؤں اور قصبے میں بھی آواز اٹھائیں۔'
واضح رہے کہ بے روزگاری اور مہنگائی میں بے تحاشہ اضافے کو لےکر گزشتہ دنوں سے آرجے ڈی احتجاج و مظاہرہ کررہی ہے۔