پٹنہ: ریاست بہار کے چھپرہ ضلع کے رسول پور میں گذشتہ دنوں ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کا واقعہ طول پکڑنے لگا ہے۔ حکمراں جماعت آر جے ڈی سمیت دوسری سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس واقعے کی سخت مذمت کی جا رہی ہے۔ آر جے ڈی کے سینئر رہنما و سابق رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر تنویر حسن نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث جو بھی افراد شامل ہیں انہیں کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔ کچھ لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے دوسرے لوگ بھی بہت جلد پولس کی گرفت میں ہوں گے۔ یہ عظیم اتحاد حکومت بننے کے بعد غالباً پہلا ایسا واقعہ ہے جسے سماج دشمن عناصر نے انجام دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Attack On Police Team بہار میں شراب مافیا کی گرفتاری کے دوران پولیس ٹیم پر حملہ
انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایسے واقعات نہیں ہونے چاہیے تھے پھر بھی ہوئے ہیں۔ پولیس انتظامیہ کو اس ضمن میں سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ قصورواروں بچ نہیں سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں چھپرہ کے ضلع کلکٹر سمیت تمام اعلیٰ پولس افسران رابطے میں ہیں۔ ڈاکٹر تنویر حسن نے کہا کہ بھاجپا آج بھی بہار میں جنگل راج کو سیاسی موضوع بنانا چاہتی ہے جو کبھی رہا ہی نہیں۔ اب بی جے پی کے پاس کوئی موضوع بچا نہیں ہے۔ اس لئے وہ بے بنیاد باتوں کو ہوا دے رہی ہے۔ بی جے پی کے نقلی چہرے سے سب واقف ہیں۔ آر جے ڈی کے رہنما کے مطابق یہ (بی جے پی) شروع سے ہی مسلم مخالف کام کرتی رہی ہے۔ اس لئے بی جے پی جتنا بھی میک اپ کر لے چہرہ سامنے آ جاتا ہے۔ عظیم اتحاد کی حکومت اس معاملے پر باریک نظر رکھے ہوئے ہے۔