نئی دہلی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے ہم خیال سیاسی جماعتوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی ہے اور اس سمت میں پارٹی کے قومی صدر لالو پرساد اور بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا ( یو) کے لیڈر نتیش کمار نے بہار میں کی گئی پہل پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
راجدھانی میں آر جے ڈی کی قومی ایگزیکٹو اور قومی کونسل کی دو روزہ میٹنگ میں منظور کی گئی ایک سیاسی قرارداد میں بی جے پی کو ’راشٹریہ سویم سیوک سنگھ‘ کا چہرہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس مکھوٹے کی آڑ میں سنگھ اپنے نظریہ کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ نظریہ تنگ اور بنیاد پرست ہے، اس میں مساوات، آزادی اور بھائی چارے اور سیکولرازم کی کوئی جگہ نہیں۔
مسٹر لالو پرساد کی سربراہی والی کونسل کی طرف سے پیر کو منظور کردہ قرارداد میں اپوزیشن اتحاد کے بارے میں کہا گیا۔
آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم خیال سیاسی جماعتیں جو جمہوریت، سوشلزم، سیکولرازم اور آئین میں یقین رکھتی ہیں یکجا ہوں اور بی جے پی کی تنگ، بنیاد پرست اور عوام دشمن سیاست کا مقابلہ کریں۔
آر جے ڈی کی قومی کونسل میں پارٹی صدر لالو پرساد اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس سمت میں معنی خیز پہل پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ آر جے ڈی کی کونسل نے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ قومی سطح پر اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ملک کو فاشسٹ اور آمرانہ طاقت سے آزاد کرائے گا۔
واضح رہے کہ نتیش کمار نے اگست میں بی جے پی چھوڑ کر آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ مل کر بہار میں حکومت بنائی تھی، جس کی وجہ سے وہاں بی جے پی اقتدار سے باہر ہوگئی تھی۔
یو این آئی