ریاست بہار کے گیا ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک سنگھ نے ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک کمار سنگھ نے کہا کہ 'عید کے موقع پر قرنطینہ مرکز میں کسی کو بھی گھر سے باہر ہونے کا احساس نہ ہو۔ ان کے لیے کھانے پینے کے بہتر انتظامات کیے جائیں۔ خصوصی اور لذیذ پکوان کے تحت انہیں چکن بریانی دی جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی ہدایت دی ہے کہ جو لوگ چکن نہیں کھاتے ہیں۔ انہیں دو طرح کی سبزی، سلاد اور دودھ دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں مسلم قرنطینہ مرکز کے ڈی ای او محمد مصطفی حسین منصوری نے بتایا کہ 'عید منانے والے اور نان ویج کھانے والوں کو عید کے موقع پر چکن بریانی بطور کھانا دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ سبزی خوروں کو دو طرح کی سبزی، سلاد اور دودھ بھی فراہم کیا جائے گا۔
یہ سہولت عید کے موقع پر مہیا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'پورے رمضان میں سحری و افطار کا بہتر انتظامات کیا گیا۔ حالانکہ شروعات میں روزہ داروں کو قرنطینہ مرکز میں افطاری و سحری نہیں دی جارہی تھی۔ روزہ داروں کی پریشانی کے سلسلے میں ای ٹی وی بھارت نے اہتمام کے ساتھ خبر شائع کی تھی۔ جس کے بعد انچارج و ڈسٹرک ایجوکیشن افسر مصطفی حسین منصوری نے ضلع کے سبھی مسلم قرنطینہ مرکز کا جائزہ لےکر افطار وسحر کے بہتر انتظامات کرائے۔