سمستی پور: جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سابق ایم ایل اے اور کسان سیل کے ریاستی صدر رام بالک سنگھ نے سمستی پور ضلع کے ویبھوتی پور میں ہوئے دوہرے قتل معاملے میں اپنے اوپر لگائے گئے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 'اس قتل معاملے سے ان کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ انہیں سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے۔ اپنی گرفتاری کے بعد رام بالک سنگھ نے جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ قانون کا احترام کرتے ہوئے وہ دہلی سے بذریعہ ٹرین سمستی پور ضلع کے روسڑا کورٹ میں خودسپردگی کے لیے واپس آرہے تھے کہ پولیس نے انہیں چھپرا اسٹیشن سے گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے دن وہ موقع پر موجود نہیں تھے، وہ ایک شادی کی تقریب میں تھے، اس کے باوجود انہیں سیاسی سازش کے تحت قتل معاملے میں ملزم بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Akhilesh Meets Ramakant Yadav اپوزیشن رہنماؤں کو جھوٹے مقدمے پھنسایا جارہا ہے، اکھیلیش
سابق ایم ایل اے نے کہا کہ ان پر سیاست چھوڑنے کا دباؤ بنایا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں سازش کے تحت انہیں اس قتل معاملے میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں عدالت پر مکمل اعتماد ہے اور انصاف ضرور ملے گا۔ واضح رہے کہ پچھلے مہینے سمستی پور میں سابق مکھیا اور اس کے منشی کو دن دہاڑے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں وبھوتی پور سے جے ڈی یو کے سابق ایم ایل اے اور ان کے بھائی کا نام اس دوہرے قتل میں سامنے آیا تھا۔ اس کے بعد غازی آباد سے سابق ایم ایل اے کے بھائی لال بابو پرساد کو گرفتار کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق مکھیا کے پاس ایک خاتون کے ساتھ رام بالک سنگھ کا قابل اعتراض ویڈیو تھا۔ اسی وجہ سے سابق ایم ایل اے نے قتل کرایا۔
یو این آئی