راجناتھ سنگھ نے بدھ کو تاڑر میں کہلگاﺅں حلقہ کے بی جے پی امیدوار پون یادو کی حمایت میں منعقدہ انتخابی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کے تعاون سے اس ریاست نے ہر شعبہ میں ترقی کی ہے اور اس سے عام عوام خوشحالی کی زندگی گذار رہی ہے۔
عوام کے توقعات کے مطابق یہاں ڈبل انجن کی حکومت کام کرنے میں پیچھے نہیں ہٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور ریاست میں رہنے والے ہر غریب کو پختہ مکان ہونا چاہیے اور اس کے لئے مرکزی حکومت نے سبھی کو مکان دیا ہے۔ اگر کسی کو مکان نہیں مل سکاہے تو 2022 کے اخیر تک سبھی لوگوں کو پختہ مکان مل جائے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ریاست میں پہلی بار وزیر اعظم کسان سمان نیدھی منصوبہ کو نافذ کرتے ہوئے دہلی سے راست کسانوں کے کھاتوں میں چھ ہزار روپے بھیجے گئے۔ اسی طرح غریب لوگوں کو سنگین بیماریوں کے علاج کیلئے صحت بیمہ سہولیات دستیاب کرائی گئی ہیں۔ کیونکہ وزیراعظم کاماننا ہےکہ امیر تو پیسے کی بنیاد پر اپنا علاج و معالجہ کرا لیتے ہیں لیکن ان غریبوں کو دیکھنے والا کوئی نہیں۔
راجناتھ سنگھ نے کہاکہ 'ملک کے کسی لیڈر نے کہا تھا کہ دہلی سے 100 پیسے گاﺅں بھیجتا ہوں لیکن صرف 16 پیسہ پہنچ پاتا ہے، لیکن ہم نے ایسے نظام کے خاتمے کیلئے ملک کے ہر شخص کے کھاتے میں سیدھے پیسہ بھیجنے کا کام کیا ہے۔ آنے والے دنوں میں ایسا ایک بھی کنبہ نہیں بچے گا جس کے بینک کھاتے نہیں کھلے ہوں گے۔
اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے نے کہا کہ مرکز اور بہار کی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومتیں عوام الناس کے مفاد کیلئے کئی منصوبے چلار رہی ہیں۔ اس سے آج ریاست تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ این ڈی اے امیدواروں کو کثیر عوامی حمایت مل رہی ہے اور اس بار پھر سے بہار میں این ڈی اے کی حکومت بنے گی۔