منگنی میں ملی انگوٹھی ہر جوڑے کے لیے خاص ہوتی ہے لیکن اگر یہ انگوٹھی غلطی سے گم ہوجائے تو آپ سمجھ ہی سکتے ہو کہ یہ کتنا تکلیف دہ ہوتا ہے۔ ایسا ہی کچھ پورنیہ کے ڈی ایم راہل کمار کے ساتھ ہوا۔
ڈی ایم راہل کمار کی کچھ دن قبل ہی منگنی ہوئی تھی، جس کی انگوٹھی وہ اپنے ہاتھ میں پہنے ہوئے تھے، لیکن ان کی انگوٹھی نئے سال میں گم ہوگئی تھی۔
دراصل ڈی ایم نئے سال کی چھٹی کے وقت دہلی میں تھے۔ کناٹ پلیس میں واقع کے ایف سی انڈیا ریستوران میں ان کی منگنی کی انگوٹھی گم ہوگئی تھی۔ لیکن وہاں کے مینجر سومن کی کوشش سے کھوئی ہوئی انگوٹھی آخر کار انہیں مل گئی۔اس واقعہ کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس خبر کو عوامی سطح پر لاتے ہوئے انہوں نے انگوٹھی کھوج کر دینے والے کی ایمانداری کو سراہا ہے۔
اطلاع کے مطابق کے ایف سی کے مینیجر سومن نے فون کیا اور انگوٹھی واپس کرنے کی بات کہی۔ اس کے بعد ڈی ایم راہل کے دوست گورو کے ایف سی پہنچے اور انگوٹھی واپس لے لی۔ انگوٹھی واپس ملنے کی جانکاری ڈی ایم نے ٹوئیٹ کرکے دی۔
ڈی ایم راہل نے ٹوئیٹ کرکے کہا کہ نئے سال کی شروعات ان کے لیے ایک مثبت کہانی کے ساتھ ہوئی ہے۔ا نہوں نے لکھاکہ سینچر کے روز وہ دہلی کے کناٹ پلیس میں واقع کے ایف سی میں کھانا کھانے گئے تھے۔ اس دوران ان کی منگنی کی انگوٹھی وہیں گر گئی تھی، لیکن اسی کے ایف سی کی مینجر سومن نے ان کی یہ انگوٹھی ان کے دوست گورو کو واپس لوٹا دی۔ راہل نے اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے ساتھ ہی کے ایف سی کے مینجر کی ایمانداری کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ 'ایمانداری کے لیے صد فی صد نمبر'