ریاست بہار کے فاربس گنج میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ریاست کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعہ 15 سال قبل جنگل راج کا خاتمہ کیا تھا۔ انہوں نے لوگوں سے بی جے پی امیدوار منچن کیسری کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔
مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’بہار کے عوام بہتر جانتے ہیں کہ کون ملک و ریاست کی بھلائی کےلیے کام کر رہا ہے اور کون صرف اپنے خاندان کی فکر میں کام کر رہا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ آج بہار میں قانون کا راج ہے اور عوام اپنے محافظ کو چنے گی۔
انہوں نے کہا کہ بہار کے عوام وہ دن کبھی بھول نہیں سکتے جب عظیم اتحاد نے انتخابات کو مذاق بنادیا تھا۔ وہ لوگ غریبوں کو ووٹ دینے سے روکتے تھے اور بوتھ کیپچر کیا کرتے تھے جبکہ عام لوگ اس وقت گھروں میں قید رہتے تھے اور حق رائے دہی سے انہیں محروم کیا جاتا تھا۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ آج بہار میں جنگل راج کا خاتمہ ہوگیا ہے، لوگ آزاد ہیں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے اپنے من پسند رہنما کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آج پسماندہ، دلت اور مجبور و بے سہارا عوام کھل اپنے حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں۔ بہار میں عوام کو رائے دہی کا استعمال کرنے کا حق این ڈی اے حکومت نے دیا ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بہار کی خواتین سوشیل میڈیا پر یہ کہہ رہی ہیں کہ ’گھر کے دیگر افراد کسی کو بھی ووٹ دیں مگر میں مودی کو ہی ووٹ دوں گی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ گزشتہ 70 سالوں میں ملک جس تنزلی کا شکار ہوا ہے اس کی ذمہ دار صرف کانگریس پارٹی ہے۔
مودی نے کہا کہ ’آج بہار کے عوام ساری دنیا کو جمہوریت کا درس دے رہے ہیں، جبکہ ساری دنیا میں کورونا وبا کے چلتے دہشت پھیلی ہوئی ہے لیکن بہار کے عوام جمہوریت کی بقا کےلیے بے خوف و خطر سڑکوں پر ہیں اور ووٹ دے رہے ہیں‘۔
انتخابی ریلی کو اشونی کمار چوبے، جتین رام مانجھی، للن سنگھ اور ارریہ کے رکن پارلیمان پردیپ کمار سنگھ نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ گاہ میں سخت سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے لیکن جلسہ گاہ میں پارٹی کارکنان کی جانب سے کورونا وبا کے چلتے احتیاطی اقدامات کی کھلے طور پر اندیکھی کی گئی۔