گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع جامع مسجد ہے، اس مسجد کی تاریخ ڈھائی سو برس پرانی ہے۔ تاہم پرانی تاریخوں سے زیادہ یہ نئی شروعات اور کامیابیوں کے لیے معروف ہوچکی ہے چونکہ یہاں مفت میں قوم کے نو نہالوں کے لیے بی پی ایس سی ' بہار پبلک سروس کمیشن' کے ماتحت امتحانوں کی تیاری کرائی جاتی ہے۔ ڈیڑھ سو طلباء و طالبات کے پڑھنے اور تیاری کرنے کا انتظام ہے، غریب مسلم طلباء کے لیے رہنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ گیا ضلع سے باہر کے طلباء بھی آئیں تو اُنھیں پڑھنے میں دشواری نہیں ہو اور اس میں ہاسٹل کے لیے شہر گیا میں واقع ایک اور مسجد چھوٹی مسجد گھسیار ٹولہ نے بھی بڑھ چڑھ کر تعاون پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Jama Masjid BPSC Coaching گیا کی جامع مسجد میں مقابلہ جاتی امتحان کی تیاریوں کے لئے کوچنگ سنٹر کا قیام
چھوٹی مسجد نے اپنے ماتحت مسافر خانہ پر ایک منزل جامع مسجد کوچنگ سینٹر کے طلباء کے لیے دے دیا ہے، جامع مسجد کوچنگ سینٹر کے کوآڈینیٹر حسرت اعجازی نے بتایا کہ 10 نومبر 2023 سے داخلہ امتحان کے لیے فارم ملنے شروع ہو جائیں گے۔ جس کی آخری تاریخ 25 نومبر ہے اور 27 نومبر کو امتحان ہوگا اور 30 نومبر کو رزلٹ جاری کیا جائے گا اور 2 جنوری 2024 سے کلاس شروع ہوگی۔ انہوں نے خواہشمند طلباء و طالبات کے لیے کہا کہ یہ آپ کے لیے ایک انتہائی اہم ترین موقع ہے اور وقت پر شیڈول کے تحت یہاں داخلہ کی کارروائی کو انجام دیں، واضح ہو کہ گزشتہ برس ہی جامع مسجد کوچنگ سینٹر کا قیام عمل میں آیا تھا۔