رانچی ہائی کورٹ نے چارہ بدعنوانی کیس میں لالو پرساد کو مشروط ضمانت دے دی ہے۔
لالو پرساد یادو کی ضمانت کے لیے پورا خاندان پچھلے کئی دنوں سے پوجا پاٹھ میں مشغول تھا جبکہ ان کی بیٹی روہنی آچاریہ نے والد کی رہائی کے لیے روزہ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ لالو یادو کی فیملی کو تین دن کے بعد یہ خوشخبری ملی کہ جلد ہی وہ جیل سے باہر آجائیں گے۔
دراصل لالو پرساد کی چھوٹی بیٹی روہنی نے اپنے فیس بک پیج پر چار دن قبل لکھا تھا کہ وہ اپنے والد کی رہائی اور صحتیابی کے لیے روزہ رکھیں گی۔ ساتھ ہی وہ نوراترا بھی کریں گی۔
انہوں نے اپنے والد کو سیکولرازم کا علمبردار بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی پرورش انسانیت اور آپسی بھائی چارے کے ماحول میں ہوئی ہے۔ آج ضمانت ملنے پر ایک بار پھر روہنی نے لکھا ہے کہ میرا رمضان اور نوراترا کامیاب رہا۔ آج مجھے روزہ اور نوترا سے ایک بڑا تحفہ ملا ہے۔ جیسے ہی لالو پرساد یادو کی ضمانت ملنے کی خبر آئی۔ روہنی نے فیس بک پر لکھا - دیکھو، شیر آیا۔ میری دعا قبول ہوگئی۔
ضمانت منظور ہوتے ہی آر جے ڈی کے قومی صدر لالو یادو سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنا شروع ہوگیا۔
بہار کے شہر گیا میں بھی آر جے ڈی رہنماؤں نے خوشی ظاہر کی کہ لالو خاندان پچھلے کئی مہینوں سے مطالبہ کر رہا تھا کہ لالو یادو کی طبیعت خراب ہونے کے پیش نظر انہیں ضمانت دی جائے۔
اہم بات یہ ہے کہ چارہ گھوٹالہ کے چار مقدمات میں لالو پرساد یادو جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ دمکا ٹریزری کیس میں ایک بار جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست خارج کردی گئی تھی۔ لالو پرساد یادو نے دوبارہ ضمانت عرضی دائر کی تھی۔
آرجے ڈی کے ضلع گیا کے صدر مرشد عالم عرف نظام نے کہا کہ بہار کے غریبوں کے لیے یہ خوشی کا دن ہے۔ روہنی آچاریہ یادو نے روزہ رکھ کر سبھی مذہب کا احترام کرنے کا جذبہ جو لالو یادو کا تھا آج انہوں نے پورا کیا ہے۔ روزہ ایک ایسی عبادت ہے جو خلوص اور عقیدت سے رکھا جائے تو مرادیں پوری ہوتی ہیں۔ روہنی کو بھی یہ یقین تھا کہ وہ روزہ کی برکت اور تحفہ سے مالا مال ہوں گی۔