بہار کے ضلع گیا کی انتظامیہ کی طرف سے ریاست کے ارتھ ڈے کے موقع پر ماحولیات اور پانی کے تحفظ کے لیے کی جانے والی شجرکاری کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
لوگوں کو ماحولیات اور پانی کے تحفظ سے آگاہ کرنے اور بہار ارتھ ڈے کے موقع پر بڑے پیمانے پر پودے لگانے کے لیے ضلع کے تمام دفاتر، اسکولوں اور مختلف اداروں میں شجرکاری کی گئی۔
ضلع کلیکٹر ابھیشیک سنگھ کے ذریعہ کلکٹریٹ کے احاطے میں ماحولیات، پانی کے تحفظ اور ضلع کو سرسبز بنانے کا عہد کرایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ 'فطرت اور آب و ہوا کا تحفظ ہمارا فرض ہے ، اگر ہم فطرت اور ماحول کو نظرانداز کریں تو قدرت ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی اور ہمیں پانی کے بحران، شدید گرمی وغیرہ جیسے مختلف مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا'۔
ضلع کلیکٹر نے یہ بھی کہا کہ منریگا کے تحت 13 لاکھ، جیویکا کی دیدیوں کے ذریعہ چار لاکھ اور محکمہ تعلیم کے ذریعے ایک لاکھ درخت لگائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر محکمے جیسے محکمہ رورل ورکس ، روڈ کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سڑکوں کے کنارے شجرکاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گذشتہ تین چار برسوں سے شجرکاری اور پانی کے تحفظ کے لیے مہم چلائی جارہی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو آنے والے دنوں میں پانی کے بحران کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ ضلع میں اس سال اب تک پانی کے بحران کی اطلاع نہیں ہے جبکہ گزشتہ سال ضلع کے مختلف علاقوں میں 181 واٹر ٹینکر فراہم کیے گئے تھے۔