مرکزی حکومت کے ذریعے دیگر ریاستوں میں پھنسے مزدوروں، طلبا، عقیدت مندوں اور دیگر افراد کی واپسی کی اجازت کے دوسرے دن جن ادھیکار پارٹی کے صدر اور سابق رکن پارلیمان پپو یادو نے راجستھان کے کوٹہ میں پھنسے ہوئے بہار کے طلبا کو واپس لانے کے لیے 30 بسیں بھیجی ہیں۔
پپو یادو نے ٹوئٹ کے ذریعہ کہا کہ 'بہار حکومت کے پاس پیسہ نہیں ہے۔ میں ہر طرح سے بہار کے طلبا کو بہار واپس لانے کے لیے پرعزم ہوں۔ کوٹہ سے طلبا کو لانے کے لیے 30 بسیں لگائی گئیں ہیں۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت جی سے گزارش ہے کہ وہ بس کو سینیٹائزڈ کرا کر طلباء کا محفوظ سفر یقینی بنایا جائے۔
پپو یادو نے مزید کہا کہ 'میں پورے ملک میں پھنسے ایک ایک بہاری کو لاؤں گا۔ دولت نہیں ہے، لیکن دماغ ہے، دل ہے۔ میری ہر سانس، ہر رشتہ، ہر تعلق بہار کے لیے وقف ہے۔
بتا دیں کہ باہر پھنسے لوگوں کو لے کر سیاست تیز ہے۔ پپو یادو گذشتہ کئی دنوں سے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار پر زور دے رہے ہیں کہ وہ کوٹہ میں پھنسے ہوئے بہاری طلباء کو واپس لانے کے انتظامات کریں۔