بہار نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے نائب صدر نوین کمار سنگھ نے جمعرات کو یہاں کہاکہ تقابلی طور پر نتیش حکومت کے پہلے دس سال کی مدت کار کافی بہتر رہی، لیکن بقیہ کے سالوں میں خاص کر وزیراعلیٰ نتیش کمار کے راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) صدر لالو پرساد یادو کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے بعد عوام کی توقعات پر کھرا اتر نے میں حکومت ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں ریاست میں کورونا انفیکشن خوفناک صورتحال اختیار کر گیا ہے اور اس سے پیدا صورتحال کو نتیش حکومت قابو کرپانے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔
نوین سنگھ نے حکومت کو کورونا وبامیں اسمبلی انتخاب کرانے کی تیاریوں پر کہا کہ اس وبا میں سبھی سیاستی جماعتیں اس سال اکتوبر۔ نومبر میں ممکنہ انتخاب کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
حالانکہ اس حالت میں انتخاب کرانے کا اہم اپوزیشن جماعت آرجے ڈی مخالفت کر رہی ہے، لیکن این سی پی اس نازک حالت میں بھی انتخاب کا سامناکرنے کیلئے تیار ہے۔
این سی پی کے نائب صدر نے کہا کہ نتیش کمار کو ریاست کی عوام نے سال 2005، 2010، 2015 اور 2017 میں حکومت بنانے کا موقع دیا۔ سال 2015 میں نتیش کمار کی پارٹی جنتادل یونائٹیڈ نے آرجے ڈی زیر قیادت مہا گٹھ بندھن میں رہ کر انتخاب لڑا اور حکومت بنائی۔
لیکن بعد میں جے ڈی یو نے مہاگٹھ بندھن سے ناطہ توڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنالی۔
انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہونے والے اسمبلی انتخاب میں ریاست کی عوام نتیش کمار کو چھوڑ کر کسی دوسری قیادت کو اقتدار سوپنے کا فیصلہ کرے۔ ریاست کو بہتر قیادت دینے کیلئے این سی پی تیار ہے اور اس کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے ۔