ماہ رمضان المبارک کا آج پہلا جمعہ تھا اس موقع پر بھی ضلع کے سبھی مساجد میں سناٹا رہا۔ لوگوں نے حکومت ہند کے گاٸڈ لاٸن کی تعمیل کرتے ہوئے اس بار بھی ہر جمعہ کی طرح نماز ظہر اپنے اپنے گھروں میں ادا کی۔
بھبھوا کی جامع مسجد، سرائے مسجد، دکھن محلہ کی بڑی اور چھوٹی مسجد، مسجد ببورا، مسجد سونہن، چین پور کی بڑی مسجد، تکیہ مسجد، نوگھرا کی مسجد، بیور مان پور کی مسجد، سکندر پور کی مسجد، اجاری سکٹھی کی مسجد، موہنیاں برکت نگر کی مسجد، بلونڈی کی مسجد میں اذان کی صدا تو بلند ہوئی۔
لیکن سبھی باشندوں نے لاک ڈاؤن پر عمل پیرا رہتے ہوئے اپنے اپنے گھروں میں ہی عبادت کیں۔
مسلمانوں کے لیے رمضان ایک مقدس مہینہ ہے۔ جس میں ہر مسلم فرد کثرت سے عبادت کے کاموں کو انجام دیتے ہیں اور اس مقدس مہینے کی وجہ سے عام مہینوں کی بانسبت مساجد میں کافی زیادہ لوگ عبادت کرنے آتے ہیں۔ لیکن ملک میں کورونا وائرس کے اثرات کو روکنے کے لیے چالیس روزہ لاک ڈاون جاری ہے اور ابھی اسے دو ہفتے کے لیے اور بڑھا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے تمام مذہبی مقامات کو بند رکھنے یا کم سے کم لوگوں کو مذہبی مقامات پر اکٹھا ہونے کی اجازت ہے۔