پٹنہ:فلمی دنیا کے مشہور گلوکار و عالمی شہرت یافتہ غزل گو طلعت عزیز ایک پروگرام میں حصہ لینے دارالحکومت پٹنہ پہنچے، شری کرشن میموریل ہال میں شام غزل کے حصے بننے سے قبل انہوں نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ پرانے نغموں کا متبادل آج بھی نہیں ہے، پرانے نغمے ہر دور میں سدا بہار ہے جو آج بھی لوگ دلچسپی کے ساتھ سنتے ہیں، پہلے کے جو نغمہ نگار تھے ان کے نغموں ایک معیار تھا جس کی کمی آج دکھائی دیتی ہے. حالانکہ آج بھی کچھ کچھ اچھے نغمے آتے ہیں۔
Singer Talat Aziz's visit to Patna
طلعت عزیز نے کہا کہ میں گزشتہ چالیس سالوں سے فلمی دنیا میں ہوں، اس سے قبل کئی بار پٹنہ آ چکا ہوں، یہاں جب بھی آتا ہوں ایک اپناپن محسوس ہوتا ہے، یہاں کے سامعین بہت ہی عمدہ ہیں جو فنکاروں کو سنتی ہے اور انہیں عزت بخشتی ہے، عظیم آباد اردو ادب کا ایک دبستان ہے جہاں بڑے بڑے ادباء و شعراء پیدا ہوئے اور اپنی صلاحیت کا لوہا پوری دنیا میں منوایا، شاد عظیم آبادی، علامہ جمیل مظہری، مظہر امام، کلیم عاجز کی شاعری پوری دنیا میں سنی اور پڑھی جاتی ہے، میں تو فخر محسوس کرتا ہوں کہ ایسی زمین پر مجھے بار بار آنے کا موقع ملتا ہے اور آگے بھی آتا رہوں گا.
گلوکار طلعت عزیز نے مزید کہا کہ غزل کی اپنی ایک دنیا ہے جہاں سننے والے سامعین سنجیدہ اور باشعور ہوتے ہیں، غزل کل بھی سنی جاتی تھی آج بھی سنی جا رہی ہے، شاعری کل بھی ہوتی تھی آج بھی ہو رہی ہے، غزل سننے والے ہر دور میں رہیں گے، جب تک یہ طبقہ رہے گا غزل اسی طرح پوری میں سنی جائے گی۔