بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے اتوار کو اعلان کیا کہ بہار اسمبلی الیکشن سبھی اتحادی پارٹیاں وزیراعلی نتیش کمار کی قیادت میں لڑیں گی اور جیتیں گی۔
نڈا نے آج بہار پارٹی کی ریاستی ورکنگ کمیٹی کی ورچوؤل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا 'بی جےپی،جنتا دل(یونائیٹیڈ) اور لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نتیش کمار کی قیادت میں الیکشن لڑیں گی اور اس میں جیتیں گی بھی'۔
واضح رہے کہ بہار میں اکتوبر نومبر میں اسمبلی الیکشن ہونے ہیں۔بی جےپی صدر نے کہا کہ بہار ہی نہیں ملک میں دیگر ریاستوں میں اپوزیشن اب گزرے وقت کی بات ہوگئی ہے۔انہوں نے پارٹی کارکنان سے نتیش کمار کی قیادت میں بہار الیکشن میں جیتنے کےلئے ایک ساتھ آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بی جےپی اپنے آپ کو مضبوط کرنے کےساتھ اتحادی کو بھی مضبوط کرنا چاہتی ہے۔
نتیش کمار حکومت کے ریاست میں کورونا وائرس کے انفیکشن کو قابو کرنے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے نڈا نے کہاکہ بہار کا ریکوری ریٹ آج 73.48 فی صد ہے۔ بہار میں گھر گھر جا کر دس کروڑ اسکریننگ کی گئی ہے۔ ریاست میں کورونا جانچ 35 ہزار سے بڑھکر آج ایک لاکھ پر پہنچ گئی ہیں۔ اس کےلئے بہار حکومت مبارکبادی کی حق دار ہے۔انہوں نے کہاکہ انھیں اس بات کی خوشی ہے کہ بہار نے کوویڈ بحران ،چاہے بجلی گرنےسے لوگوں کے ہلاک ہونے کا بحران ہو یا سیلاب میں راحت کے اقدامات ہو ،سبھی بہت اچھی طرح کیا ہے۔
نڈا نے کہا کہ بہار نے سیاسی اور سماجی بیداری کو بہت ہی اوپر رکھا ہے۔چمپارن ستیہ گرہ ہو یا تعمیر نو تحریک یا پھر جے پرکاش جی کو ہم یاد کریں،تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ جب سبھی نے سمجھوتہ کرلیا تھا ،تب بہار نے قیادت کی تھی۔ بہار کے سلسلے میں ہم سب جانتے ہیں کہ ملک کی سیاست میں ایک اہم مقام اس ریاست نے رکھا ہے۔ چاہے وہ سیاسی موضوع ہو،سماجی ہو،ثقافتی ہو ،ہر شعبہ میں بہار نے قیادت کی ہے۔