بہار کے حاجی پور میں بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے کہا کہ انتخابات میں واضح طور پر این ڈی اے کو کامیابی حاصل ہوگی اور بی جے پی، جے ڈی یو، ایچ اے ایم اور وی آئی پی اتحاد کو دو تہائی اکثریت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں اگر بی جے پی کو زیادہ نشستیں حاصل ہوتی ہیں تب بھی نتیش کمار کو ہی وزیراعلیٰ کے طور پر منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے گذشتہ سال پلوامہ پر دیئے گئے راہل گاندھی کے بیان پر بھی سخت تنقید کی۔ نڈا نے کہا کہ ’کانگریس آج کل پاکستان کی ترجمان بن چکی ہے‘۔
نڈا نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں کہ آر جے ڈی کا کردار ’جنگل راج‘ ہے جبکہ اب وہ تباہ کن سی پی آئی (ایم ایل) اور پاکستان کی ترجمان کانگریس پارٹی کے حمایت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہیں عوام سبق سکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ لالو کے جنگل راج اور نتیش کمار کے گڈ گورننس کو یاد کرتے ہیں اور وہ بھی ریاست میں ترقی چاہتے ہیں۔ لوگ ’لالٹین دور (آر جے ڈی کا انتحابی نشان) سے وزیراعظم نریندر مودی اور نتیش کمارکی قیادت میں ایل ای ڈی دور میں آنا چاہتے ہیں'۔
صدر بی جے پی نے طنز کرتے ہوئے آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کو ’جنگل راج کا یوراج‘ قرار دیا اور پارٹی پر لوگوں کو دبا کر ریاست پر حکومت کرنے کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ تیجسوی یادو نے پارٹی کے انتخابی پوسٹر سے اپنے والد لالو پرساد یادو اور والدہ رابڑی دیوی کی تصاویر کو کیوں ہٹایا، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ لوگ آر جے ڈی کے کردار سے واقف ہیں۔