پٹنہ: بہار حکومت نے ریاست میں مکمل شراب بندی کے کامیاب نفاذ کے مقصد سے ہائی ٹیک آلات کے استعمال پر ہونے والے اخراجات کے لئے 50 کروڑ روپے دینے کی تجویز کو منظوری دی ہے۔ کابینہ سکریٹریٹ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے جمعرات کو وزیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ نئی ایکسائز پالیسی کے تحت شراب بندی کے کامیاب نفاذ کے لئے ریاست میں بریتھ انالائزر، ڈرون آپریشن، تشہیر، موٹر سائیکل خریدنے، مختلف اضلاع میں سی سی ٹی وی کیمرے کی تنصیب پر ہونے والے خرچ کے ساتھ دیگر کاموں کیلئے بہار اسٹیٹ بیوریج کارپوریشن لمیٹیڈ کو ہنگامی فنڈ سے 50 کروڑ روپے دیے جانے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ Nitish Cabinet Approves 18 Important Proposals
ایڈیشنل چیف سکریٹری نے بتایاکہ مالی سال 2022-23 سے 2023-24 میں ایس ڈی آر ایف کور ہیڈکوارٹر، بہٹا کے احاطہ میں مستقل ڈھانچے کی تعمیر کیلئے 267 کروڑ 24 لاکھ روپے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ ساتھ ہی للت نارائن مشرا انسٹی ٹیوٹ آف اکنامک ڈیولپمنٹ اینڈ سوشل چینج، پٹنہ میں تدریسی اور غیرتدریسی عہدوں کی تخلیق کو منظوری دی گئی ہے۔ ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے بتایاکہ سات نشچے پروگرام کے تحت سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ کے تحت 35 اضلاع میں قائم اور چل رہے سرکاری انجینئرنگ کالجوں کے کلاس روم، لائبریری، ورکشاپ، لیبارٹری اور ہاسٹل میں ضرورت کے مطابق مشینوں، آلات اور کمپیوٹر کی خریدکے لئے 105.5 کروڑ روپے کی منظوری اور رواں مالی سال میں متعلقہ اداروں کو رقم جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اجلاس میں کل 18 تجاویز کو منظوری دی گئی ہے۔ CM Nitish Kumar Chairs Cabinet Meeting
یو این آئی