پٹنہ:راشٹریہ جنتا دل یوتھ کے ریاستی صدر و نومنتخب رکن قانون ساز کونسل قاری محمد صہیب پھلواری شریف واقع امارت شرعیہ پہنچ کر امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی و نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی سے ملاقات کر دعائیں لی. امیر شریعت نے نومنتخب ایم ایل سی کا پرجوش استقبال کیا،اور پھر دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ Newly Elected MLC Qari Sohaib called on Ameer e Shariat
امیر شریعت نے قاری صہیب کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی سیاسی جدوجہد سے ہر شخص بخوبی واقف ہے، آپ کے پاس یوتھ کی ایک بڑی ٹیم ہے،اور یہی کسی لیڈر کے لئے سب سے بڑی کامیابی کی ضمانت ہے،اس لئے سیاست کو خدمت کا ذریعہ سمجھیں اور جہاں تک بن پڑے اپنے اخلاق، کردار، اقوال سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔
نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے کہا کہ آپ کی پارٹی نے ایک صالح نوجوان کونسل بھیج کر بہتر فیصلہ کیا ہے جس کے لئے بجا طور سے قومی صدر لالو پرساد یادو اور حزب مخالف لیڈر تیجسوی یادو مبارک باد کے مستحق ہیں، یہاں سے اب آپ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے،لوگوں کے مسائل کو سنیں اور اسے حل کرنے کی حتی الامکان کوشش کریں،بہار میں اس وقت اردو کے مسائل ایک حساس مسئلہ بنتا جا رہا ہے، سارے اہم اداروں کے کلیدی عہدے خالی ہیں،جس سے اردو کا نقصان ہو رہا ہے، اس کے لیے آپ ایوان میں بھی آواز بلند کریں۔
مزید پڑھیں:Qari Sohaib RJD MLC Candidate: قاری صہیب، آر جے ڈی کے ایم ایل سی امیدوار
اس موقع پر قاری صہیب نے امیر شریعت سمیت امارت شرعیہ کے تمام کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امارت شرعیہ سے ہمارا قدیم رشتہ ہے، ہمارے والد مرحوم قاری نسیم احمد کا تعلق امارت شرعیہ کے بزرگوں سے رہا ہے، ہمارے نانا بھی امارت کی خدمت کر چکے ہیں، سابق امیر شریعت مولانا ولی رحمانی صاحب ہمیشہ مجھ پر شفقت رکھتے تھے اور دعاؤں سے نوازتے تھے، میں پہلے بھی امارت آیا کرتا تھا اور اب بھی حضرت امیر شریعت کی مشورہ کی ضرورت محسوس کرتا ہوں، قاری صہیب نے کہا کہ زمانہ طالب علمی سے ہی مجھ میں خدمت کرنے کا جذبہ تھا، اسی کا صلہ ہے کہ اللہ نے اس مقام پر پہنچا دیا ہے.