گیا: گیا شہر میں واقع المدد اسلامک اسکول میں سالانہ کانفرنس و تقریب عام کا انعقاد ہوا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سابق ڈی آئی جی پرویز اختر شامل ہوئے، سالانہ کانفرنس و تقریب عام کا انعقاد بنیا پوکھر میدان میں ہوا جس میں طلباء و طالبات کے ساتھ اُن کے والدین، شہر کی سیاسی، سماجی اور معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے کانفرنس کو کامیاب بنایا۔ اس موقعے پر اسکول کے طلباء و طالبات نے ثقافتی پروگرام پیش کیا۔ خاص کر چھوٹے بچوں نے قرآن مقدس اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو پڑھ کر اس کے معنی مطلب اُردو اور انگریزی میں پیش کیے، چھوٹے بچوں نے اپنی پیشکش کے دوران خاص کر یہ بات بتانے کی کوشش کی کہ قرآن و سنت کی روشنی میں ہمیں کس طرح زندگی گزارنی ہے اور ہمیں دنیا و آخرت کی کامیابی و سرخروئی کے لیے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:
شہباز خان کو نکسلیوں نے بغیر فروتی کے پولیس کی دبش سے چھوڑا
بچوں نے اپنی پیش کش میں حب الوطنی کے جذبہ کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں اپنا وطن دل و جان سے پیارا ہے۔ ہم دستور ہند کی پیروی کرتے ہیں، ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں برائیوں کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہوگا، وہیں اسکول کے ڈائریکٹر تنویر مجسم نے بتایا کہ اسکول کے قیام سے ہی عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم و تربیت دی جارہی ہے۔ یہاں سے پڑھ کر طلباء و طالبات نے امتحانات میں اچھی کامیابی حاصل کی ہے، ڈائریکٹر تنویر مجسم نے اسکول کی سالانہ کارکردگی پر مشتمل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے طلباء و طالبات شہر میں مثال پیش کررہے ہیں، جب کہ منعقد سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لیے پُہنچے سبکدوش آئی پی ایس و ڈی آئی جی پرویز اختر نے تعلیم کی اہمیت افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اسکول منیجمنٹ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں کے طلباء و طالبات کی پرفارمنس دیکھ کر ہی اندازہ ہوگیا ہے، اسکول نے اپنے بچوں پر کافی محنت کی ہے، جس روانگی کے ساتھ بچے اپنی مادری زبان اردو کے ساتھ انگریزی زبان کا استعمال کرتے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔
مہذب ہوکر تعلیم حاصل کرنے والے بچے ایک دن کامیابی ضرور حاصل کرتے ہیں، خوشی ہوئی کہ یہاں کے بچے اپنی مذہبی تعلیم بھی حاصل کرتے ہیں، اس موقع پر وارڈ کونسلر محمد اسلام اور سابق وارڈ کونسلر شمس تبریز عرف جونی نے بھی سالانہ کانفرنس میں دینی و عصری تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے یہاں کے اساتذہ کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہاں موجود شرکاء کی تعداد نے اسکول کی مقبولیت واضح کردی ہے، المدد اسکول اسی طرح آگے کامیاب ہوکر بچوں کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرے یہی دعا ہے۔ اس موقع پر شہر کی کئی معروف شخصیات نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ واضح ہو کہ اسکول کا سالانہ اجلاس اس لیے بھی خاص ہوگیا کیونکہ اس کو سال 2023 کی آخری شام اور 2024 کی ابتدائے وقت پر منعقد کیا گیا تھا، اسکول کے بچوں نے اپنے ثقافتی پروگرام پیش کرنے کے بعد سال نو کا خوب جشن منایا، پروگرام کا اختتام رات ایک بجے کے بعد ہوا۔ اس موقع پر اسکول کے طلبا کے سرپرست بھی موجود رہے۔