بہار اسمبلی انتخابات میں حکمران این ڈی اے اتحاد کو اکثریت ملنے کے بعد سب کی نگاہیں اگلی حکومت کے قیام پر مرکوز ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ دیوالی کے بعد آئندہ ہفتہ ہی ایک نئی حکومت تشکیل پاجائے گی، اسی سلسلے میں آج پٹنہ میں وزیر اعلی نتیش کمار کی رہائش گاہ پر این ڈی اے اتحاد کی حلیف جماعتوں کا اجلاس ہوگا، جس میں حکومت سازی سے متعلق غوروخوض ہوگا۔
اس اجلاس میں این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے باضابطہ اجلاس کی تاریخ کا فیصلہ ہوگا، نیز اجلاس میں این ڈی اے کے رہنما کا انتخاب کیا جائے گا اور حلف برداری کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل جمعرات کے روز پٹنہ میں جے ڈی یو آفس میں نومنتخب اراکین اسمبلی اور امیدواروں کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے اجلاس کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے، وزیر اعلی کون ہوگا اس کا فیصلہ اس میٹنگ میں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ این ڈی اے کی حلیف جماعتوں کے رہنما جمعہ کو ایک ساتھ بیٹھیں گے، جس کے بعد این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے اجلاس کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا، حلف برداری کی تقریب سے متعلق جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ابھی اس کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ نتیش کمار آئندہ ہفتہ پیر (16 نومبر) یا اس کے بعد حلف اٹھا سکتے ہیں، اس سے قبل نومبر کے آخر میں موجودہ حکومت کی میعاد ختم ہونے کے پیش نظر وہ اپنا استعفیٰ گورنر کو بھیج سکتے ہیں۔
بہار اسمبلی انتخابات میں ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ میں حزب مخالف کی جانب سے ایک سخت چیلنج پر قابو پانے کے بعد نتیش کمار کی سربراہی میں این ڈی اے نے 243 نشستوں میں سے 125 نشستوں میں پر کامیابی کے ساتھ اکثریت حاصل کی جبکہ عظیم اتحاد کو 110 نشستیں ملی ہیں۔