ریاست بہار میں مانسون داخل ہوچکا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون بہار میں داخل ہوچکا ہے اور مانسون کی لہر دربھنگہ شہر تک پہنچ گئی ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مانسون پوری ریاست کا احاطہ کرلے گا اور آئندہ 72 گھنٹوں تک بارش کا امکان ہے۔
رواں برس مانسون وقت سے پہلے ہی آگیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ریاست کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوگی۔ عام طور پر ریاست میں مانسون کی آمد کی تاریخ 13 جون ہے۔ اسی دوران دارالحکومت پٹنہ میں مانسون کی معمول کی تاریخ 16 جون ہے، مانسون ایک دن پہلے ہی 15 جون تک پٹنہ میں داخل ہوگا۔ تاہم محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سے قبل 13 اور 14 جون کو بارش ہوگی۔
ہفتے کے روز سے ریاست کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 15 جون تک تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بتادیں کہ مانسون کے داخل ہونے سے قبل ریاست کے مختلف علاقوں میں درمیانی درجے سے موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیر تک ییلو الرٹ جاری کیا ہے۔