گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع مرزا غالب کالج کی انتظامیہ نے 12ویں بورڈ امتحان 2023 میں پورے بہار میں دوسرے نمبر پر آنے والی طالبہ کومل کماری کو دس ہزار روپے کا چیک، مومنٹو، توصیفی سند اور کامرس سبجیکٹ سے متعلق کتابیں دے کر اعزاز سے نوازا۔ اس کے علاوہ کالج کے سکریٹری شبیع عارفین شمسی نے کہا کہ ہونہار طالبہ کومل کماری کو آگے کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے تو انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہوگی۔
کالج سیکرٹری شبیع شمسی اور پروفیسر انچارج ڈاکٹرشجاعت علی خان نے کہا کہ کومل نے مرزا غالب کالج کا نام روشن کیا ہے۔ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ کالج انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس فیصلہ کیا ہے کہ ان کی مزید پڑھائی میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اتنا ہی نہیں، انہوں نے کہا کہ اگر اس کالج کے جو طلباء ریاستی اور ضلع سطح پر یا یونیورسیٹی سطح پر فرسٹ سکنڈ اور تھرڈ نمبر حاصل کریں گے تو ان کی بھی پڑھائی میں ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔ خواہ وہ طالب علم کسی طبقے یا فرقے سے ہو ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کالج میں تعلیمی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے ٹھوس فیصلے کیے گئے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باشعور اساتذہ کا تقرر کیا گیا ہے۔ انتظامیہ طلباء کی رائے اور نظم و ضبط کی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب کالج میں کیمپس سلیکشن کے لیے کمپنیاں بھی رابطہ کر رہی ہیں۔ سیکرٹری نے مزید کہا کہ انتظامیہ چاہتی ہے کہ ہم اپنے طلباء کو تعلیم کے ساتھ روزگار فراہم کریں۔ اس موقع پر کومل کی پوری فیملی موجود تھی۔ کالج انتظامیہ کی جانب سے انہیں بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
شبیع عارفین شمسی نے کہا کہ کالج انتظامیہ کی جانب سے طلباء کے مفاد کے لئے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لئے پُر عز م ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ طلباء اور اساتذہ کے درمیان ہم آہنگی کی فضا پیدا کی جائے۔ شمسی نے کہا کہ مرزا غالب کالج طلباء کا پسندیدہ کالج ہے کیونکہ ہم ڈسپلن اور سیکیورٹی دونوں میں کسی سے سمجھوتہ نہیں کرتے۔ مطالعہ کے ساتھ دیگر تدریسی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں۔ اسی لیے یہاں ادبی اور ثقافتی پروگرام ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں: Mirza Ghalib College in Gaya مرزا غالب کالج گیا کے تعلیمی معیار میں مزید بہتری ہوگی، ڈاکٹر شجاعت علی خان
انہوں نے مزید بتایا کہ صاف ستھرا ماحول، صاف پانی اور آلودگی سے پاک ماحول ہماری اولین ترجیح ہے۔ کالج کے ووکیشنل کورس میں کئی کمپنیاں آ رہی ہیں۔ طلبہ سے فیڈ بیک لیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پڑھائی اور سیکھنے کے عمل میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ واضح ہوکہ انٹر امتحان کامرس کے شعبہ میں کومل کماری سکنڈ ٹاپر تھیں آج کالج میں انکے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔