ریاست بہار کے ضلع کشن گنج کے تاریخی روئی دھانسہ میدان میں آج ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ وزیراعلی نتیش کمار اور مجلس اتحاد المسلیمن کے صدر اسدالدین اویسی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔
راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ملک کے سبھی لوگوں کے بینک کھاتوں میں 15 لاکھ کی رقم دینے کا وعدہ کرنے والے نریندر مودی نے رات میں نوٹ بندی کا اعلان کرکے ملک کے لوگوں کے روپیوں کو ہی لینے کا کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ملک کے عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نے اچانک رات کے آٹھ بجے لاک ڈاؤن کا اعلان کرکے بہار اور دوسرے ریاست کے مزدوروں کو بے یاروں مددگار چھوڑ دیا۔ مزدور بھائیوں کو دو دن کا بھی وقت نہیں دیا گیا تاکہ اپنے گھر کو واپس جاسکے۔
راہل گاندھی نے بڑھتی مہنگائی کو لیکر بھی مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ملک کے کسانوں کے خلاف قانون لاکر ان کے حق سے انہیں محروم رکھنا چاہتے ہیں۔
راہل گاندھی نے صاف طور پر کہا کہ موجودہ نریندر مودی کی حکومت ہر محاذ میں ناکام ثابت ہو رہی ہے اور پورے ملک کو ایک دو کاروباریوں کے ہاتھوں میں سونپنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
راہل گاندھی نے نتیش کمار پر بھی حملہ بولتے ہوئے کہا کہ بہار کی عوام نے مہاگٹھ بندھن کو ووٹ دے کر بہار میں حکومت بنائی تھی۔ لیکن نتیش کمار بہار کی عوام کے ساتھ دھوکہ دے کر بی جے پی کے ساتھ مل گئے، جس کا جواب نتیش کمار کو اس مرتبہ بہار کی عوام ووٹوں کی شکل میں دے گی۔
راہل گاندھی نے بہار کی عوام سے عظیم اتحاد کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سیمانچل کی عوام کو اے ایم یو سینٹر کا خواب دیکھایا۔
انہوں نے کشن گنج کے روئی دھانسہ میدان سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو کشن گنج اے ایم یو سینٹر کی تعمیر ہوگی۔ واضح رہے کہ کشن گنج کے اسی میدان سے سونیا گاندھی نے کشن گنج میں اے ایم یو سینٹر کی سنگ بنیاد رکھی تھی۔
راہل گاندھی نے اے آئی ایم آئی ایم کے قومی صدر اسدالدین اویسی کا نام لیے بغیر این ڈی اے کی بی ٹیم سے سیمانچل کے ووٹرز کو ہوشیار رہنے کی تلقین کی۔
انہوں صاف طور پر کہا کہ یہ بی ٹیم والے سیدھے طور پر این ڈی اے کو مدد پہنچانے کے لیے سیمانچل کی گلیوں میں ہیلی کاپٹر سے گھوم رہے ہیں۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی آج بہار کے تیسرے اور آخری مرحلے کے انتخابات کی تشہیر کے لیے بہار پہنچے تھے جہاں انہوں نے سیمانچل کے دونوں انتخابی ریلی کو خطاب کیا۔ جس میں ایک کٹیہار ضلع کے قدوا اور دوسرا کشن گنج شامل ہے۔
راہل گاندھی کے اس انتخابی ریلی میں بہار کانگریس کے کئی رہنما موجود تھے جن میں بہار کانگریس انچارج وریندر سنگھ راٹھور، بہار کانگریس کارگزار صدر کوکب قادری، رکن پارلیمان ڈاکٹر جاوید وغیرہ شامل ہیں۔