پٹنہ :مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب ماہ رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔ شیطانوں کو پابہ زنجیر کر دیا جاتا ہے۔'یعنی ایسا ماہ مبارک جس میں شیطان کے بہکاوؤں سے بچنے کی بھی آسانی کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزوں کو جو امتیازی شرف اور فضیلت حاصل ہے اس کا اندازہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث مبارک سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے فرمایا جو شخص بحالتِ ایمان ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھتا ہے اس کے سابقہ گناہ بخش دیئے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کی ایک ایک ساعت اس قدر برکتوں اور سعادتوں کی حامل ہے کہ باقی گیارہ ماہ مل کر بھی اس کی برابری نہیں کر سکتے۔ اسی طرح ایک اور روایت بھی حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے قسم کھا کر فرمایا تم پر ایسا مہینہ سایہ فگن ہوگیا ہے کہ مسلمانوں پر اِس سے بہترمہینہ اور منافقین پر اس سے بُرا مہینہ کبھی نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیں:Hazrat Makhdoom Ashraf Astana مخدوم درویش اشرف کا آستانہ تہذیبی اور معاشرتی یکجہتی کا علمبردار
مولانا انیس الرحمن قاسمی کے مطابق اس مہینے میں عبادات کا ثواب 70 سے 700 گنا بڑھا دیا جاتا ہے. مغفرت اور بخشش نقد عطا کی جاتی ہے، روزے دار کی منہ کی بدبو کو مشک سے تعبیر کیا جاتا ہے، جنت کا ایک دروازہ ''باب الریان'' روزے داروں کے داخلے کے لئے مخصوص کردیا گیا۔کیا شان ہے اس ماہ مبارک کی۔