بہار میں اسمبلی انتخابات پرامن ماحول میں کرانے و نظم و نسق بنائے رکھنے کے مقصد سے آج ارریہ ایس پی ہردے کانت کی قیادت میں پولیس نے فلیگ مارچ نکال کر شہر (ارریہ) میں امن کا پیغام دیا۔
فلیگ مارچ شہر کے چاندنی چوک سے شروع ہوا جو ہٹیا، سبزی منڈی، بھگت ٹولہ، ہسپتال روڈ، آزاد اکیڈمی، نورتن چوک ہوتے ہوئے پوسٹ آفس کے پاس آکر ختم ہوا۔ پولیس کے جوانوں نے تقریباً پانچ کلو میٹر پیدل مارچ کیا۔
ایس پی ہردے کانت نے اس موقع پر کہا کہ اس پیدل مارچ کا مقصد انتخاب میں امن بنائے رکھنے اور کسی بھی طرح کی مشکوک اطلاع ملنے پر فوری طور پر نزدیک کے پولیس کنٹرول روم سے رابطہ کرنے انہیں اطلاع دینے کی ہے۔
ہردے کانت نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے مدنظر جرائم پیشوں پر پوری طرح سے لگام کسا گیا ہے جسے لے کر ضلع میں پیرا ملٹری فورس کی تین کمپنی کو اتارا گیا ہے، جسے سبھی تھانوں میں تعینات کیا جا رہا ہے۔
ایس پی نے کہا کہ اس ضمن میں شہر کے تمام چوک چوراہوں پر گاڑی چیکنگ مہم کی شروعات بھی کی جا رہی ہے، انتخاب کو لے کر ہم لوگوں کی تیاری مکمل ہے۔ اس فلیگ مارچ میں ایس پی کے علاوہ ٹاؤن ڈی ایس پی پشکر کمار، نگر تھانہ صدر سنیل کمار و دیگر پولس اہلکار موجود تھے۔