ریاست بہار کے ضلع گیا میں میونسپل کارپوریشن کے کئی منصوبے پیسوں کی کمی کی وجہ سے زیرالتوا ہیں۔ یہ سبھی منصوبے شہر گیا کی خوبصورتی اور عام لوگوں کے بنیادی سہولیات سے وابستہ ہیں۔ جیسے کہ سنگر استھان، امرت یوجنا ہو یا پھر قریب دو کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والا آشوک بھون۔
اس کے علاوہ ریاستی ترقیاتی منصوبے کے تحت نگر نالے کی تعمیر کا منصوبہ بھی کئی مہینوں سے رکا ہوا ہے۔
دراصل کارپوریشن کے سبھی منصوبے نجی ایجنسیوں کے ذریعے تعمیر کرائے جا رہے ہیں، منصوبہ کی تاخیر کو لیکر ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ انہیں منصوبے پر کام کرنے کے لئے میونسپل کارپوریشن پیسے نہیں دے رہا ہے جبکہ اس سلسلے میں کارپوریشن کا کہنا ہے کہ اسے محکمہ کی جانب سے پیسے کی ادائیگی نہیں ہوئی ہے۔ ایسے میں میونسپل کارپوریشن پیسے دینے کی حالت میں نہیں ہے۔
وہیں افسران کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے کام پر اثر پڑ رہا ہے، جبکہ حقیقت کچھ اور ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد، اترپردیش اور ممبئی میں اے ٹی ایس کے چھاپے
اس سلسلے میں گیا میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ساون کمار کا کہنا ہے کہ پیسوں کی کمی کی وجہ سے کام نہیں ہو پا رہا ہے۔ حالانکہ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ جلد ہی محکمہ شہری ترقیات کی جانب سے پیسہ کی فراہمی کر دی جائے گی جس کے بعد کام شروع ہوں گے۔ پیسے کی ادائیگی کے لئے محکمہ کو لیٹر ارسال کئے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'دو تین ماہ سے پیسے کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے۔ تاہم جلد ہی سب ٹھیک ہو جائے گا۔'