گیا: ریاست بہار کا گیا میونسپل کارپوریشن گزشتہ برس ہی ریاست میں سوچھ بھارت مشن کے تحت پہلا مقام حاصل کیا۔تاہم یہاں اس سوچھ بھارت مشن کے سروے پر سوال کھڑے ہورہے ہیں کیونکہ میونسپل کارپوریشن کے ماتحت وارڈ نمبر 27 کا کلیان پور گاوں کے دو سو سے زائد مکانات گندے پانی کی زد میں ہیں۔ یہاں یہ مسئلہ برسوں پرانا ہے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مسئلے کا حل کرانے کی صرف یقین دہانی کرائی جاتی ہے لیکن مسئلے کا حل نہیں نکالا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے آج مشتعل اہل علاقہ بڑی تعداد میں متحد ہو کر میونسپل کارپوریشن کے دفتر پہنچے اور یہاں افسران و میئر اور ڈپٹی میئر کا گھیراؤ کیا اور ساتھ ہی کارپوریشن کے عہدیداران کو مطالبہ نامہ بھی سونپا ہے۔
کلیان پور کی رہنے والی ایک خاتون سنگیتا دیوی نے بتایا کہ سرکاری نالے کا پانی محلے کے سینکڑوں گھروں میں داخل ہونے سے نظام زندگی متاثر ہوئی ہے اور لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر کے صحن میں نالے کا گندہ پانی گھٹنوں تک بھرا ہوا ہے پانی بھرنے سے بدبوکے باعث گھر میں کھانا پینا اور رہنا مشکل ہو گیا ہے۔ ایک اور باشندہ نے بتایا کہ چھوٹے بچوں کو اسکول جانا مشکل ہو رہا ہے نالے کے پانی سے بدبو آ رہی ہے اگر میونسپل کارپوریشن نے اس طرف فوری توجہ نہ دی تو اہل علاقہ بیماریوں کی زد میں آسکتے ہیں۔
کلیان پور کے ہی باشندہ ویکاس کمار نے کہا کہ محلے میں پانی کافی جمع ہوگیا ہے۔ یہ نالا کریم گنج کے علاقے سے آتا ہے۔ اس کا پانی نجی زمینوں پر گرایا جاتا ہے اب وہ پانی محلے میں داخل ہوگیا ہے۔ نگم برسوں سے اس معاملے کو حل نہیں کررہاہے ، ہردن حادثے پیش آتے ہیں ایسا لگتا ہے۔ کارپوریشن کسی بڑے حادثے کا منتظر ہے۔ کارپوریشن کےانتخاب کے دوران نمائندوں نے وعدہ کیا تھا کہ نالے کے پانی کا مسئلہ حل ہوگا لیکن اب کوئی سننے کو تیار نہیں ہے۔ اس سلسلے میں سیٹی کمشنر ابھیلاشا شرما نے کہا کہ معاملہ ان کے علم میں آتے ہی فوری طور پر پانی نکالنے کے لیے ہدایت دی گئی ہے۔ جے سی بی مشین بھیج کر پانی کی نکاسی کے ساتھ صفائی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:Gaya Municipal Corporation Election گیا کا وارڈ نمبر چھ بنیادی سہولیات سے محروم