بہار کے سابق وزیراعلی اور آر جے ڈی کے صدر لاپرساد یادو نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو اپوزیشن کو متحد کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں 'ناتھ' (نکیل کسنا) دینا ہے۔
لالو یادو نے 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن کے اتحاد پر زور دیا۔ بہار میں کانگریس سے اتحاد توڑنے کے سوال پر لالو یادو نے کہا کہ 'ہمارا اتحاد نہیں ٹوٹا ہے۔ سونیا گاندھی کانگریس پارٹی کی رہنما ہیں۔ سونیا گاندھی کے ساتھ ہمارا اتحاد مضبوط ہے۔ سونیا جی نے فون کرکے میرا حال دریافت کیا تھا۔ میں نے بتایا کہ میں پٹنہ آیا ہوں۔ صحت میں بہتری آئی ہے۔'
لالو یادو نے کہا کہ 'ہم سونیا گاندھی کے خیر خواہ ہیں، وہ بھی ہماری خیر خواہ ہیں۔ یہ ان کا اعلی ظرف ہے کہ وہ ہر کسی کا حال دریافت کرتی ہیں۔ میں نے ان سے کہا کہ میڈم 2024 میں لوک سبھا کے انتخابات ہونے والے ہیں، اگر آپ تبدیلی لانا چاہتی ہیں تو تمام پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کریں۔'
مزید پڑھیں:۔ مبینہ 'وشوگرو حکومت' پیسے لے کر بھی ٹیکہ مہیا نہیں کرا پارہی ہے: لالو یادو
بہار میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے تعلق سے لالو یادو نے دعویٰ کیا کہ آر جے ڈی دونوں سیٹوں (کشیشورستھان اور تارا پور) پر بڑی جیت درج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ نتیش حکومت کو شکست دینا ہے۔ چھ سال بعد ہم انتخابی مہم کے لیے گئے، اس دوران عوام کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ لوگوں کا ہجوم دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ ہم کافی مطمئن ہیں۔ ہم تارا پور اور کشیشورستھان سیٹوں پر بڑی جیت درج کریں گے۔ عوام نتیش حکومت کا تختہ الٹ دیں گے۔