گیا کے تاریخی گاندھی میدان سے خطاب کرتے ہوئے جے پی نڈا نے عظیم اتحاد پر شدید نکتہ چینی کی دعوی کیا کہ ایک بار پھر بہار میں این ڈی اے حکومت بنائے گی اور ہم ملک و ریاست میں ترقیاتی کاموں کو جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'ان کی حکومت میں ترقی کی نئی جہتیں لکھی جارہی ہیں، انہوں نے این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک ہو نے کادعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار ہی بہار میں وزیر اعلیٰ کا چہرہ ہوں گے۔
کانگریس اور آر جے ڈی پر زبانی حملہ بولتے ہوئے نڈا نے کہا کہ 'آج سے پہلے کانگریس پارٹی برادری اور مذہب کی بنیاد پر سیاست کرتی تھی لیکن وزیراعظم نریندر مودی نے اس روایت کو ختم کیا ہے۔ بی جے پی ترقی پر سیاست کرتی ہے۔
مرکزی حکومت کے کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'پچھلے پانچ برسوں میں زراعت، تعلیم، صحت کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں میں بڑے پیمانے پر کام ہوا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں کے حق میں قانون لا کر ملک کے کسانوں کو بندشوں سے آزاد کرایا ہے۔ اب اناج پیدا کرکے ہمیں دینے والوں کو اپنی محنت کا حساب لینے کے لیے جگہ جگہ نہیں جانا پڑے گا۔
نڈا نے مزید کہا کہ 'بہار میں این ڈی اے حکومت نے تعلیم کے لیے بہتر کام کیا ہے۔ پہلے پوری ریاست میں محض تین میڈیکل کالج تھے لیکن این ڈی حکومت نے 14 میڈیکل کالج بنائے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'یہاں بہار کی تصویر نتیش کمار نے بدلی ہے کیونکہ 15 برس پہلے یہاں کی تصویر سبھی نے دیکھی ہے۔
جے پی نڈا نے خطاب کے دوران ان رہنماؤں پر تنقید کی جو جے پی کی تحریک کے ذریعے کر قائد بنے۔ نڈا نے کہا کہ جو جئے پرکاش نارائن کی وجہ سے آگے بڑھے ہیں وہ آج کانگریس کے نظریات پر عمل پیرا ہیں۔
پوری تحریک کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جئے پرکاش کی تحریک سے نکل کر لالو پرساد یادو بہار کے وزیر اعلیٰ بنے لیکن جس جے پی نے کانگریس کو ہٹا کر جنتا پارٹی کی تشکیل کی آج اس جے پی کے شاگرد ہونے کے باوجود وہ کانگریس کو گلے لگائے ہوئے ہیں۔